بسمہ معروف سہ فریقی سیریز اور کامن ویلتھ گیمز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم

آئرلینڈ میں شیڈول سہ فریقی سیریز اور برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کے لئے اسلام آباد میں منعقدہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 9 جولائی بروز ہفتہ کو اختتام پذیر ہوگیا۔قومی خواتین اسکواڈ اب 11 اور12 جولائی کی درمیانی شب بیلفاسٹ روانہ ہوجائے گا۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور ہاؤس آف ناردرن میں منعقدہ 9 روزہ تربیتی کیمپ کے دوران اسکواڈ میں شامل قومی خواتین کھلاڑیوں نے مختلف میچ سینیریوز اور متعدد نیٹ سیشنز میں شرکت کی۔اس دوران شہباز شریف اسپورٹس کمپلیکس میں انڈور سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔

کپتان بسمہ معروف پرعزم ہیں کہ قومی خواتین اسکواڈ سہ فریقی سیریز اور کامن ویلتھ گیمز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔

بسمہ معروف، کپتان قومی خواتین اسکواڈ:

بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ تربیتی کیمپ کے دوران بارش کے باعث قومی خواتین اسکواڈ کو انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچز کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا تاہم اس دوران انہوں نےاپنی زیادہ ترتوجہ فٹنس میں بہتری لانے پر مرکوز رکھی۔

انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کے شہر بیلفاسٹ میں شیڈول سہ فریقی سیریز قومی خواتین اسکواڈ کو برمنگھم میں کھیلی جانے والی کامن ویلتھ گیمز کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرنے میں معاونت کرے گی۔

کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی ان ایونٹس میں عمدہ کھیل پیش کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں تاہم انہیں نوجوان کرکٹرز فاطمہ ثناء، طوبٰہ حسن اور عائشہ نسیم سے نمایاں کارکردگی کی توقع ہے۔

پاکستان ویمنز ٹیم سہ فریقی سیریز میں اپنا پہلا میچ 16 جولائی کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔ سیریز کے دوران پاکستان، آسٹریلیا اور آئرلینڈ کی ویمنز ٹیمیں دو دو مرتبہ مدمقابل آئیں گی۔ سیریز مکمل کرنے کے بعد قومی خواتین اسکواڈ برمنگھم روانہ ہوگا جہاں وہ اپنا پہلا میچ 29 جولائی کو بارباڈوس کے خلاف کھیلے گا۔ ایونٹ کے پول اے میں پاکستان کے علاوہ بارباڈوس اور بھارت کی ٹیمیں شامل ہیں۔

اسکواڈ: بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، گل فیروزہ (وکٹ کیپر)، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی (وکٹ کیپر)، ندا ڈار، عمائمہ سہیل ، سعدیہ اقبال اور طوبہٰ حسن۔

اسپورٹ اسٹاف: عائشہ اشعر (منیجر)، ڈیوڈ ہیمپ (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (باؤلنگ کوچ)، محمد زبیر احمد (اینالسٹ) اور رفعت اصغر گل (فزیو تھراپسٹ)۔

پاکستان کے میچز:

بیلفاسٹ میں سہ فریقی سیریز
16 جولائی – بمقابلہ آسٹریلیا
19 جولائی – بمقابلہ آئرلینڈ
23 جولائی – بمقابلہ آسٹریلیا
24 جولائی – بمقابلہ آئرلینڈ

برمنگھم کامن ویلتھ گیمز

29 جولائی – بمقابلہ بارباڈوس
31 جولائی – بمقابلہ بھارت
3 اگست – بمقابلہ آسٹریلیا

error: Content is protected !!