کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ کے دوسرے راؤنڈ کا پہلا روز مکمل

ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں جاری میچ میں سینٹرل پنجاب نے عمران ڈوگر اور انس محمود کی 114 رنز کی اوپننگ شراکت کی بدولت اپنی پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز بنائے ہیں۔ عمران ڈوگر نے 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 102 جبکہ انس محمود نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بیٹرز میں محمد عرفان خان 74 اور علی زریاب 62 رنز بناکر نمایاں رہے۔ خیبرپختونخوا کے ذوہیب خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں کے پی نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 9 رنز بنالیے ہیں۔یاسر خان اور ساجد خان میچ کے دوسرے روز 2،2 کے انفرادی اسکور سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری میچ کے پہلے روز بلوچستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 277 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ہے۔ اوپنرعظیم گھمن 67 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ عمران بٹ 58 اور شہباز خان 53رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عظیم گھمن اور عمران بٹ کے درمیان 101 رنز کی اوپننگ شراکت قائم ہوئی۔مہران ممتاز نے 5 اور رضا حسن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ناردرن نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 11 رنز بنالیے ہیں۔ محمد حریرہ اور عبدالفصیح 5،5 کے انفرادی اسکور سے میچ کے دوسرے روز کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔

اُدھر رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں جاری میچ کے پہلے روز سندھ کے 374 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب نے اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 9 رنز بنالیے ہیں۔ وقار حسین 5 اور علی عثمان 2 کے انفراد ی اسکور سے میچ کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل سندھ کے فراز علی نے 15 چوکوں کی بدولت 130 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے تیسری وکٹ کے لیے عمیر بن یوسف کے ہمراہ 117 رنز کی شراکت قائم کی۔ عمیر بن یوسف 71 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب نے 57 رنز بنائے۔ علی عثمان نے 83 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔

تعارف: newseditor