نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ،بلوچستان ٹیم کے 4کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت

لاہور میں ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے مرحلے کے دوران بلوچستان کے چار کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ۔

چاروں کھلاڑیوں کو 10 روز کے لیے قرنطینہ کردیا گیا جبکہ   آج شیڈول بلوچستان اور ناردرن کا میچ ملتوی  کردیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں شریک بلوچستان کے چار کھلاڑیوں کے کووڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے، لہٰذا پی سی بی نے ٹورنامنٹ کو جاری رکھنے کے لیے مندرجہ ذیل اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان چاروں کھلاڑیوں کو 10 روز کے لیے قرنطینہ کردیا گیا ہے، اسکواڈ میں شامل باقی تمام کھلاڑیوں کے کووڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔

بائیو سکیور  ببل میں موجود تمام شرکا کے کووڈ 19 ٹیسٹ منگل کو لیے گئے تھے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ  بدھ کو سندھ اور سینٹرل پنجاب کا میچ شیڈول کے مطابق 6 کھیلا ہوگا جبکہ  اس روز کھیلا جانے والا دوسرا میچ ناردرن اور بلوچستان کے مابین کھیلا جانا تھا جسے اب ناردرن اور سدرن پنجاب کے مابین میچ سے تبدیل کردیا گیا ہے۔

7 اکتوبر کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مابین میچ بھی اپنے شیڈول کے مطابق ہوگا۔بلوچستان کی سیکنڈ الیون کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اس میچ کے لیے اپنی فرسٹ الیون کو دستیاب ہوں گے۔ یہ کھلاڑی ایک سے دوسرے ببل میں منتقل ہوجائیں گے تاہم اس دوران ان کا کووڈ 19 ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ  آئی سی سی مینز  ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف 7 اکتوبر تک نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کرسکتے ہیں۔  8 اکتوبر سے وہ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے بنائے گئے علیحدہ ببل میں منتقل ہوجائیں گے۔

تعارف: newseditor