سینٹرل پنجاب نے سندھ کو بآسانی 8 وکٹوں سے ہرادیا

نیشنل ٹی ٹونٹی کے لاہور میں شروع ہونے والے دوسرے مرحلے کے پہلے میچ میں ہوم سٹی سینٹرل پنجاب نے ٹیبل ٹاپر جی ایف ایس سندھ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی.

سینٹرل پنجاب کی نیشنل ٹی ٹونٹی میں یہ پانچویں فتح ہے. سنٹرل پنجاب کی فتح میں حسین طلعت اور شعیب ملک نے مرکزی کردار ادا کیا.

سنٹرل پنجاب کو میچ جیتنے کے لئے 129 رنز کاہدف ملا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 4 . 15 اوورز میں پورا کرلیا.

حسین طلعت اور شعیب ملک نے ناقابل شکست اننگز کھیلیں. حسین طلعت کی 52 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا. انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا.

شعیب ملک نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مددسے 25 گیندوں پر 40 رنز بنائے.

سنٹرل پنجاب کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین کامران اکمل صرف ایک رن بنا سکے جبکہ احمد شہزاد چودہ گیندوں پر 20 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے وہ رن آؤٹ ہوئے.

اس سے قبل جی ایف ایس سندھ نے سینٹرل پنجاب کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کی تو کپتان سرفراز احمد کے علاوہ سندھ کا کوئی بھی بیٹر لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکا.

سندھ کی آدھی ٹیم محض 67 رنز پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ چکی تھی. ایسے میں سرفراز احمد نے 37 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی.

کپتان سرفراز احمد سمیت سندھ کے صرف چار کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے. احسان علی 23 جبکہ دانش عزیز اور انور علی 20، 20 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے.

سندھ نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے. فہیم اشرف اور حسن علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں.

تعارف: newseditor