بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کے دوسرے مرحلے میں بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ٹورنامنٹ کے بائیسویں میچ میں بلوچستان نے 156 رنز کا ہدف 2 گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں عبداللہ شفیق اور عبدالواحد بنگلزئی پر مشتمل بلوچستان کی نوجوان اوپننگ جوڑی نے اننگز کا محتاط آغاز کیا تاہم عبدلواحد بنگلزئی 33 کے مجموعی اسکور پر 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ایسے میں کپتان امام الحق نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور وکٹ کے ایک اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔

انہوں نے 64 رنز کی انفرادی اننگز میں 6 چوکے جڑے۔ اسی پرفارمنس کی بنیاد پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس دوران عبداللہ شفیق نے 28، حارث سہیل نے 14 اور عمید آصف نے 20 رنز بناکر ان کا ساتھ دیا۔

بلوچستان کی اننگز کی سب سے طویل پارٹنرشپ امام الحق اور عمید آصف نے قائم کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 58 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

اختتامی اوورز میں عماد بٹ نے 5 گیندوں پر 12 رنز بناکر مطلوبہ ہدف عبور کرلیا۔ عمران خان سینئر نے 2 جبکہ عامر عظمت اور افتخار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل خیبرپختونخوا نے بلوچستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو صاحبزادہ فرحان کے علاوہ اس کا کوئی بھی بیٹر لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔ صاحبزادہ فرحان نے 49 گیندوں پر 78 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔

دوسری طرف اسرار اللہ 19، کپتان محمد رضوان 17 جبکہ فخر زمان اور محمد وسیم جونیئر نے 12، 12 رنز بنائے۔افتخار احمد 6 اور عامر عظمت 4 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔

خیبرپختونخوا نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔ بلوچستان کے جنید خان نے 3 جبکہ نجیب اللہ اچکزئی اور عماد بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹورنامنٹ کے بائیسویں میچ کے بعد ہوم سٹی سینٹرل پنجاب کی ٹیم دس پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے، خیبرپختونخوا، ناردرن اور جی ایف ایس سندھ کی ٹیمیں آٹھ، آٹھ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ اے ٹی ایف ایس سدرن پنجاب اور بلوچستان کا پوائنٹس ٹیبل پر پانچواں اور چھٹا نمبر ہے۔ بلوچستان کے پوائنٹس کی تعداد 6 اور سدرن پنجاب کے 4 ہے۔

تعارف: newseditor