ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں جاری میچ میں سندھ کی ٹیم فالو آن کا شکار ہوگئی ہے. ناردرن کے 7 وکٹوں کے نقصان پر 368 رنز کے جواب میں سندھ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 128 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی. فالو آن کا شکار سندھ نے میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنائے ہیں. ناردرن کے رضا حسن نے پہلی اننگز میں 4 جبکہ شاداب مجید اور کاشف علی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں.
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری میچ میں ساجد خان کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے سدرن پنجاب کو مشکلات کا سامنا ہے. میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر سدرن پنجاب نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنالیے ہیں. ہمایوں الطاف 22 اور علی شفیق صفر کے انفرادی اسکور سے میچ کے تیسرے روز کھیل کا آغاز کریں گے. ساجد خان اب تک میچ میں دس وکٹیں حاصل کرچکے ہیں. اس سے قبل سدرن پنجاب کے 202 رنز کے جواب میں کے پی کی پوری ٹیم 260 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی. سرور آفریدی 61 اور وقار احمد 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. علی عثمان نے 6 وکٹیں حاصل کیں.
اُدھر رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں جاری میچ کے دوسرے روز سینٹرل پنجاب نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 32 رنز بنالیے ہیں. سینٹرل پنجاب کی مجموعی برتری 81 اسکور ہوگئی ہے. پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے عمران ڈوگر 17 اور عابد علی 14 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے آخری روز کا آغاز کریں گے. اس سے قبل سینٹرل پنجاب کے 9 وکٹوں کے نقصان پر 418 رنز کے جواب میں بلوچستان نے اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے تھے۔ گلریز صدف 92 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے. فہد اقبال 77 اور محمد شاہد 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. محمد علی نے 3 جبکہ محمد عرفان جونیئر اور بلال آصف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں.