ہوم سٹی سینٹرل پنجاب نے نیشنل ٹی ٹونٹی کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ سینٹرل پنجاب نے ٹورنامنٹ کے اٹھائیسویں میچ میں بلوچستان کو 3 وکٹوں سے ہراکر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
بلوچستان کی ٹیم ٹورنامنٹ کے فائنل فور کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
وہاب ریاض کی 9 گیندوں پر 28 رنز کی برق رفتار اننگز نے سینٹرل پنجاب کو 163 رنز کا ہدف 11 گیندیں قبل حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اننگز کے اٹھارویں اوور میں عماد بٹ کو لگاتار تین چھکے لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب کا آغاز بھی زیادہ متاثر کن نہ تھا۔ محمد اخلاق کے علاوہ سینٹرل پنجاب کا کوئی بھی بیٹرز لمبی پارٹنرشپ لگانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔اوپنر محمد اخلاق نے 32 رنز بنائے۔
انہوں نے حسین طلعت کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 48 رنز کی شراکت قائم کی۔فہیم اشرف نے 15 گیندوں پر 27 رنز بناکر سینٹرل پنجاب کو میچ میں واپس لانے کی بنیاد رکھی جسے بعدازاں وہاب ریاض نے دھواں دھار بیٹنگ سے فتح میں بدل دیا۔
بلوچستان کے عماد بٹ اور حارث سہیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل بلوچستان نے عبداللہ شفیق کی نصف سنچری اور عماد بٹ کے تیزر فتار ناٹ آؤٹ 43 رنز کی بدولت مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔ دونوں بیٹرز نے چھٹی وکٹ کے لیے 46 رنز کی شراکت قائم کی۔ یہ بلوچستان کی اننگز کی طویل ترین پارٹنرشپ تھی۔
اوپنر عبداللہ شفیق نے 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی بدولت 60 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے عماد بٹ کے علاوہ کسی بھی بیٹر نےاسپورٹ نہ کیا۔ عماد بٹ نے 27 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی بدولت 43 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
ان دونوں کے علاوہ بلوچستان کےڈبل فگرز میں داخل ہونے والے تیسرے بیٹر عمید آصف تھے۔ وہ 5 گیندوں پر 15 رنز بناکر اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
ثمین گل نے 20 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد فیضان نے 2 جبکہ قاسم اکرم اور احمد صفی عبداللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سینٹرل پنجاب کے ثمین گل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ٹورنامنٹ کے اٹھائیسویں میچ کے بعد ناردرن اور سینٹرل پنجاب کے پوائنٹس کی تعداد 12،12 ہوگئی ہے۔ خیبرپختونخوااور سندھ کی ٹیمیں 10، 10 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ بلوچستان کا پوائنٹس ٹیبل پر پانچواں اور سدرن پنجاب کا چھٹا نمبر ہے۔