دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا اور ہوم سٹی سینٹرل پنجاب کے مابین نیشنل ٹی ٹونٹی کا فائنل بدھ کی شام کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں ہوم سٹی سینٹرل پنجاب نے جی ایف ایس سندھ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔
سینٹرل پنجاب نے 142 کا رنز ہدف 13 گیندیں قبل 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
22 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گنوانے کے بعد سینٹرل پنجاب کے اوپنر احمد شہزاد اور کامران اکمل نے 88 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے سینٹرل پنجاب کی میچ میں پوزیشن مستحکم کردی۔
کامران اکمل 36 گیندوں پر 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔احمد شہزاد ایک رنز کی کمی سے نصف سنچری نہ بناسکے۔ وہ 49 رنز بناکرسہیل خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد حسین طلعت نے 13 اور قاسم اکرم نے 11 رنز بناکر سینٹرل پنجاب کو فتح دلادی۔
اس سے قبل سندھ نے پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو سندھ کی ٹیم سینٹرل پنجاب کی جانب سے بھنے گئے اسپن کے جال میں پھنس گئی۔ اوپنر خرم منظور اور شرجیل خان کی 50 رنز کی ابتدائی شراکت کے باوجود سندھ کی ٹیم بڑا مجموعہ بنانے میں ناکام رہی۔
خرم منظور کو 34 رنز پر ظفر گوہر نے جبکہ شرجیل خان کو 32 رنز پر قاسم اکرم نے پویلین کی راہ دکھائی۔ شان مسعود 1 اور سعود شکیل 7 رنز بناکر انہی اسپنرز کا شکار بنے۔
ایسے میں سہیل خان نے 21 رنز بناکرایک اینڈ سنبھالنے کی کوشش کی مگر انہیں وہاب ریاض نے آؤٹ کردیا۔ دانش عزیزصفر اور احسان علی نے 6 اسکور بنائے۔
اختتامی اوورز میں میر حمزہ کے ناٹ آؤٹ 19 اور رومان رئیس کے 14 رنز کی بدولت مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔
قاسم اکرم نے تین جبکہ ظفر گوہر اور وہاب ریاض نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قاسم اکرم کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔