13 ویں پاکستان پریمیئر فٹ بال لیگ میں پاکستان واپڈا کی کامیابی جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی اور پاکستان آرمی کی ٹیموں کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے گول کیپر احسان اللہ کو پاکستان آرمی اور ایس ایس جی سی کے میچ کے دوران اچھی کارکردگی دکھانے پرسابق انٹرنیشنل گول کیپر جمشید رانا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجینئر سید اشفاق حسین شاہ کی جانب سے دس ہزار روپے کی انعامی رقم پیش کی۔
گذشتہ روز میونسپل سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان واپڈا نے مسلم کلب چمن کو 0-3 گول سے ہرا دیا۔ وقفے تک پاکستان واپڈا کی ٹیم کو مسلم کلب کے خلاف 0-1 گول کی برتری حاصل تھی دوسرے ہاف میں پاکستان واپڈا نے مزید دو گول کرکے مقابلہ 0-3 گول سے جیت لیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے شہباز طارق، اشفاق الدین اور احمد فہیم نے ایک، ایک گول کیا اور مسلم کلب کے کھلاڑیوں نے میچ میں کم سکور کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن ناکام رہے۔
میچ کمشنر کے فرائض عصمت اللہ نے جبکہ ریفریز کے احمد روف، محبوب علی اور یاسر رحمان نے انجام دیئے۔
دوسرا میچ سوئی سدرن گیس کمپنی اور پاکستان آرمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ ریفریز کے فرائض عدنان انجم، دلاور خان اور محوب علی نے انجام دیئے۔
اس موقع پر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجینئر سید اشفاق حسین شاہ کے علاوہ پی ایس او ٹو صدر سید شرافت حسین بخاری، ڈائریکٹر مقابلہ جات ارشد عمر ضیا اوراسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد سلیم
ایگزیکٹو انجینئر واپڈا عزیز اللہ سمرو اور ایسکو کے سپورٹس آفیسر مشرف حسین بھی موجود تھے۔