علی اکبر شاہ قادری اولمپین ریفری جج،سابق سیکریٹری۔سندھ باکسنگ اور سابق جوائنٹ سیکریٹری پی بی ایف ۔چیئر مین ریفری جج کمیشن نے کہا ہے کہ پاکستان میں اولمپک کھیل باکسنگ کو مذاق بنا دیا گیا ہے۔گراس روٹ تا ایلیٹ کلاس میل فیمیل باکسروں پر مشتمل "باکسنگ کو مکسچر مقابلوں” میں تبدیل کردیا گیا ہے۔پاکستان اسپورٹس بورڈ اور انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کسی فیڈریشن کو نہیں مانتی جبکہ چاروں صوبائی اسپورٹس بورڈ کے ذمداران اسپورٹس فنڈ کو باکسنگ کے نام پر بے دردی سے من مانے انداز میں خرچ کررہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر پاکستان باکسنگ کو جس انداز میں پیش کیا جارھاہے،اس سے 42برس دنیائے باکسنگ پر حکومت کرنے والا ملک پاکستان اور اسکو عروج پر پہنچانے والے مرحوم پروفیسر انور چوھدری کی نیک نامی پر حرف آگیا ہے۔میں بین الاصوبائی رابطہ کی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا،تمام صوبائی وزرائے و مشیران کھیل،ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ سے اپیل کرتا ہوں کہ عالمی و قومی سطح پر کھیلوں کی بحالی تک پاکستان اسپورٹس بورڈ ھر سال "P.S.B بین الاصوبائی باکسنگ چمپیئن شپ”کا طویل عرصہ سے رکا ہوا سلسلہ دوبارہ شروع کریں اور ھر صوبائی اسپورٹس بورڈ اپنی نگرانی میں غیر جانبداری سے اپنی ٹیم منتخب کرکے اسکا کیمپ لگاکر چمپیئن شپ میں شرکت کریں۔اسطرح اسپورٹس فنڈ بلکل جائز طریقے سے خرچ ہوگا اور ھر اسپورٹس بورڈ کی کارکردگی بھی سامنے آجائیگی۔