آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی، پاکستان کی جیت میں اہم کردار فاسٹ بائولر حارث رئوف کی چار وکٹوں، نوجوان بلے باز آصف علی کی 27 رنز ناٹ آئوٹ اننگز اور تجربہ بلے باز شعیب ملک کی 27 رنز ناٹ آئوٹ اننگز کا رہا جبکہ محمد رضوان نے 33 رنز کی عمدہ اننگزکھیلی۔قبل ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی
ان کا یہ فیصلہ اس وقت درست ثابت ہوا جب نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل 36 کے مجموعی سکور پر 17 رنز بنانے کے بعد حارث رئوف کی گیند پر بولڈ ہو گئے، نیوزی لینڈ کو دوسرا نقصان اس وقت برداشت کرنا پڑا جب ڈیرل مچل 54 کے مجموعی سکور پر عماد وسیم کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، انہوں نے 27 رنز کی اننگز کھیلی،مجموعی سکور میں صرف دو رنز کے اضافے کے بعد نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ اس وقت پویلین لوٹ گئی جب جیمز نیشام ایک سکور بنانے کے بعد محمد حفیظ کی گیند پر فخر زمان کو کیچ تھما بیٹھے، اس کے بعد کپتان کین ولیمسن اور ڈیون کونوائے کے ساتھ ملکر مجموعی سکور کو 90 رنز تک پہنچایا مگر اس کے موقع پر کین ولیمسن پچیس کے انفرادی سکور پر حسن علی کی تھرو پر رن آئوٹ ہو گئے، یہ نیوزی لینڈ کی گرنے والی چوتھی وکٹ تھی ، 116 کے مجموعی سکور پر نیوزی لینڈ کو پانچویں وکٹ کا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب ڈیون کانوائے 27رنز کی اننگزکھیلنے کے بعد حارث رئوف کی گیند پر کپتان بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے
نیوزی لینڈ چھٹی وکٹ 116 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب گیلن فلپس تیرہ کے انفرادی سکور پر حارث رئوف کا تیسرا شکار بنے، 125 کے مجموعی سکور پر نیوزی لینڈ کو ساتواں نقصان شاہین آفریدی نے اس وقت پہنچایا جب ٹم سیفرٹ 8 رنز بنانے کے بعد محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے جبکہ نیوزی لینڈ کی آٹھویں وکٹ 134 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب مچل سانٹنر حارث رئوف کا چوتھا شکار بن گئے انہوں نے 6 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے حارث رئوف سب سے کامیاب بائولر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 22 رنز دیکر 4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، شاہین شاہ آفریدی نے چار اوورز میں اکیس رنز دیکر ایک، عماد وسیم نے چار اوورزمیں چوبیس رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب کپتان بابر اعظم صرف 9 رنز بنانے کے بعد ٹم سائوتھی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔پاکستان کا سکور جب 47 پہنچا تو فخر زمان 11 کے انفرادی سکور پر سودھی کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے، یہ پاکستان کی گرنے والی دوسری وکٹ تھی، پاکستان کی تیسری وکٹ 63 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب محمد حفیظ 11 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد مچل سانٹنر کی گیند پر ڈیون کانوائے کو کیچ دیکر پویلین لوٹ گئے، 69 کے مجموعی سکور پر پاکستان کو چوتھی وکٹ کا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب محمد رضوان 33 رنز بنانے کے بعد سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو شکار ہو گئے
۔پاکستان کو پانچویں وکٹ کا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب عماد وسیم 11 رنز بنانے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو شکار ہو گئے، اس موقع پر پاکستان کو جیت کیلئے 31 گیندوں پر 48 رنز درکار تھے۔اس موقع پر وکٹ پر آنے والے محمد آصف نے وکٹ پر موجود شعیب ملک کے ساتھ ملکر پاکستان کی کشتی کو کنارے پرلگادیا، دونوں کے درمیان ناقابل شکست 46 رنزکی شراکت قائم ہوئی، محمد آصف نے 12 گیندوں پر 27 رنز بنائے جس میں تین چھکے اور ایک چوکا شامل تھا جبکہ شعیب ملک نے 20 گیندوں پر 27 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل تھے، پاکستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 18.4 اوورز میں حاصل کرکے میچ پانچ وکٹوں سے جیت لیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے سودھی نے دو جبکہ مچل سانٹنر ، ٹم سائوتھی، ٹرینٹ بولٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، پاکستان کی ٹیم کی یہ دوسری جیت ہے اس سے قبل پاکستان اپنے پہلے میچ میں بھارت کو دس وکٹوں سے شکست دے چکا ہے۔