ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج پہلا میچ انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا، انگلینڈ کی ٹیم براہ راست سپر 12 مرحلے میں پہنچی ہے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم نے کوالیفائنگ رائونڈ مرحلہ عبور کرنے کے بعد یہاں تک رسائی حاصل کی ہے، انگلش کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جس طرح کا بہترین آغاز چاہتی تھی اسے اسی طرح کا آغاز ملا اور اس نے اپنے پہلے ہی میچ میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو ایک یکطرفہ مقابلے کے بعد چھ وکٹوں سے شکست دی، ویسٹ انڈیز کی ٹیم انگلش بائولرز کے سامنے اس میچ میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی تھی اور پوری ٹیم صرف 55 کے سکور پر پویلین لوٹ گئی اور انگلینڈ نے چار وکٹوں کے نقصان پر یہ ہدف حاصل کرکے میچ میں کامیابی حاصل کی تاہم صرف 55 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں بھی چار وکٹیں گنوا دینا انگلش ٹیم کی بیٹنگ لائن کیلئے پریشان کن بات ہے
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اگر سپن اٹیک بائولنگ کی بات کی جائے تو عادل رشید اس وقت ٹاپ پر دکھائی دیتے ہیں،درحقیقت ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن کو زمین بوس کرنے میں ان کی جادگری کا بڑا کمال تھا، عادل رشید نے صرف دو رنز دیکر چار ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور تائے مال ملز نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جبکہ ووکس اور جارڈن ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے تھے، تمام انگلش بائولرز کی جانب سے وکٹ حاصل کرنا ایک مثبت اشارہ بھی ہے، اب اگر کوالیفائی رائونڈ عبور کرکے مین رائونڈ تک رسائی حاصل کرنے والی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر بات کی جائے تو بنگلہ دیش کی ٹیم نے جس طرح کوالیفائنگ رائونڈ کا آغاز سکاٹ لینڈ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے ساتھ کیا تھا یہاں مین رائونڈ میں بھی اس کا آغاز سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے ساتھ ہوا، بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن میں محمد نعیم اور مشفیق الرحیم اچھی فارم میں نظر آئے اور دونوں نے بالترتیب 62 اور 57 رنز سکور کئے اور انہی کی بیٹنگ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنانے میں کامیاب رہا اچھا سکور کرنے کے باوجود بنگلہ دیش کے بائولرز کی کارکردگی مایوس کن رہی
شکیب الحسن اور نسیم احمد دو دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ سیف الدین ایک کھلاڑی کو آئوٹ کرسکے تاہم اس کے باوجود بنگلہ دیشی بائولرز سری لنکن بائولرز کو رنز بنانے سے روکنے میں ناکام رہے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اب تک صرف ایک ہی بار جیت سکی ہے ، یہاں یہ بات بھی قارئین کیلئے دلچسپی سے خالی نہیں ہو گی کہ انگلینڈ اور بنگلہ دیش نے آج تک کوئی ٹی ٹوئنٹی میچ آپس میں نہیں کھیلا ہے اس لحاظ سے یہ دونوں ٹیموں کا بین الاقوامی سطح پر پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بھی ہوگا۔