پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی20ورلڈ کپ میں بہترین کرکٹ کھیل رہی ہے ،ٹیم کمبی نیشن بن چکا ہے ،یہی ردھم حاصل رہا تو قومی ٹیم میگا ایونٹ جیت سکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سابق ٹیسٹ کرکٹر اور عالمی ریکارڈ ہولڈر حسن رضا نے اتوار کو ذاکر بابو کھتری میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کمیٹی کی جانب سے قومی ٹیم کی بہترین اور شاندار کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ،تقریب میں قومی ٹیم کی تین مسلسل میچوں میں یادگار کامیابی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔
موقع پر صادق کھتری، فیصل کھتری، محمد نظام، شاہد تاٶ، اکرام الله اسامہ سونیجا، حسنین رضا،اظیر واڈا اور میڈیا کے نماٸندگان بھی موجود تھے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر حسن رضا کا کہنا تھا کہ کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ کا بہترین اسٹارٹ کسی بھی ٹیم کا خواب ہوتا ہے ،پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر بہترین اسٹارٹ کیا ،پاکستان نے اس میچ میں بہترین جارحانہ کرکٹ کھیلی ،ہمارے بالرز نے اٹیک کیا اور بھارتی بیٹرز کو ٹکنے نہیں دیا ۔ اس کے بعد پھر نیوزی لینڈ اور افغانستان کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کو بھی یقینی بنا لیا ہے
پہلے میچ میں ٹاپ آرڈر ہی نے اسکور پورا کیا بعد کے میچوں میں ہمارے مڈل آرڈرز بھی چیک ہوئے ،محمد آصف شاندار فارم میں ہیں اور ان کا رول بھی بہت جاندار ہے ،انہوں نے دونوں میچوں میں فنش کیا ،پاکستان کی ٹیم بہترین کرکٹ کھیل رہی ہے ،بہترین کمبی نیشن بن چکا ہے جبکہ کپتانی بھی بہت بہترین کی جا رہی ہے ،اس کمبی نیشن کے ساتھ پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ جیت سکتی ہے ۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا پاکستان کو اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا کو آسان نہیں لینا چاہئے ،پاکستان کو گروپ میچوں میں سو فیصد فتح حاصل کرنا ہوگی اس سے سیمی فائنل میں دوسرے گروپ سے آنے والی ٹیم پر دباءو ہوگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ذاکر بابو کھتری میموریل کرکٹ سے بھی کراچی کرکٹ کو کئی ہونہار کرکٹر ملے ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ آئندہ بھی اس ٹورنامنٹ سے بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے گا ،دراصل گراس روٹ لیول پر کا م ہی اصل کام ہے جہاں سے کھلاڑی سامنے آتا ہے ،ہم خود بھی اسی طرح کی کرکٹ سے اوپر آئے ، میں ان سب کو مبارک باد دیتا ہوں جو گراس روٹ لیول پر کام کر رہے ہیں