مینز ٹی ٹوئنٹی میچ میں اپنی بقا کی جنگ لڑتی بھارتی کرکٹ ٹیم افغانستان کو بڑے مارجن سے شکست دے کر دوبارہ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگئی۔ ابوظبی میں کھیلے جارہے اس میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اوپننگ بیٹسمین روہیت شرما اور کے ایل راہول نے اپنی ٹیم کے لیے 140 رنز کی طویل پارٹنر شپ بنادی، اس کے بعد ریشبھ پنت اور ہاردیک پانڈیا نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 200 کا ہندسہ عبور کروادیا۔روہیت شرما نے 74 اور کے ایل راہول نے 69 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ہاردیک پانڈیا 35 اور ریشبھ پنت 27 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔
بھارتی ٹیم نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 210 رنز بنائے۔افغانستان کی جانب سے کریم جنت اور گلبدین نائب ایک ایک وکٹ لے سکے۔
بڑے ہدف کے دباؤ میں افغانستان کے بیٹسمین بے بس دکھائی دیے اور وقفے وقفے کے ساتھ اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔ افغانستان مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز ہی بناسکی۔