ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نمیبیا کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے والے پاکستانی بیٹسمین محمد رضوان نے میچ میں غیبی مدد سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔پریس کانفرس کے دوران ایک صحافی نے محمد رضوان سے سوال کیا کہ پاکستان کی جیت میں ٹیم کی کارکردگی کے علاوہ غیبی مدد کا کتنا ہاتھ ہے؟سوال کے جواب میں محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایمان ہے کہ جو بھی ہوتا ہے وہ اللہ رب العزت کے حکم سے ہوتا ہے لیکن اللہ بہترین انصاف کرنے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ٹیم کی محنت ہر ٹیم سے زیادہ ہے تو ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ اللہ کسی کے ساتھ نا انصافی کرے اور اگر ہماری ٹیم کی محنت دیگر ٹیموں سے کم ہے تو پاکستان نہیں جیت سکتا کیوں کہ یہ بھی اللہ کا انصاف ہے۔قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ بہت ساری چیزیں ہمارے ہاتھ میں نہیں ہوتیں، بس ہمارا اتنا یقین ہے جو ٹیم مل کر محنت کرتی ہے برکتیں وہی پر آتی ہیں، اور فتح پھر ان ہی کے حق میں جاتی ہے