پہلا سیمی فائنل،نیوزی لینڈ کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ

نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف پہلے سیمی فائنل میں ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر کہا کہ پچ اچھی ہے اور بعد میں اوس کا بھی پڑے گی۔

انگلش کپتان اوئن مورگن کا کہنا تھا کہ اگر ٹاس جیتتے تو وہ بھی بولنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔ انہوں اس امیدکا اظہار کیا کہ ٹاس کی وجہ سے میچ کا فیصلہ نہیں ہوگا۔

جوز بٹلر ، جونی بیئر اسٹو ، ڈیوڈ ملان اور کپتان اوئن مورگن انگلینڈ ٹیم کے مرکزی کردار ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل ، مچل ، کونووے اور نیشم بھی مقابلے کیلئے تیار ہیں۔انگلش ٹیم کے جیسن روئے انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں، ان کی جگہ جیمز ونس ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اب تک ہونے والے مقابلوں میں انگلینڈ کا نیوزی لینڈ کیخلاف پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں کا پانچ بار آمنا سامنا ہوا، انگلینڈ نے 3 اور کیویز نے 2 بار میدان مارا۔

ون ڈے کرکٹ کی عالمی چیمپئن انگلینڈ اور ٹیسٹ کرکٹ کی حکمران نیوزی لینڈ ، دو فارمیٹ کی دو چیمپئن ٹیمیں اب مد مقابل آ رہی ہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں۔ابوظبی جہاں بیٹرز کا پلڑا بھاری ہو گا، چھکے چوکوں کی برسات ہو گی، رنز کے انبار لگیں گے کیونکہ وکٹ بیٹنگ کے لیے ساز گاربتائی جا رہی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے ابوظبی میں شروع ہوگا۔ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل کل 11 نومبر کو دبئی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا جس کے بعد فائنل 14 نومبر کو دبئی میں ہوگا۔

error: Content is protected !!