خیبرپختونخوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات، عاصم شیراز صدر منتخب

پشاور(سپورٹس رپورٹر)خیبرپختونخوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے تین سال بعد انتخابات میڈیا سینٹر پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئے الیکشن کمشنر اعجاز احمد کی سربراہی میں منعقد ہونیوالے انتخابات میں اٹھائیس ممبران نے ووٹ دئیے ‘انتخابات صرف دو نشستوں پر ہوئے جبکہ دیگر عہدیدار بلامقابلہ منتخب ہوئے صدارت اور جنرل سیکرٹری شپ کے لئے امیدوار میدان میں آئے ان میں عاصم شیراز کا مقابلہ اعجاز رشید بٹ سے تھا جبکہ جنرل سیکرٹری کی نشست کے لئے شاہد خان آفریدی اور سعد بن اویس مد مقابل تھے’صدارت کی نشست پر عاصم شیراز نے کامیابی حاصل کی جبکہ شاہد خان آفریدی جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے عاصم شیراز نے انیس ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مخالف امیدوار اعجاز رشید بٹ نو ووٹ لے سکے

جنرل سیکرٹری کی نشست کے لئے شاہد خان آفریدی سترہ ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مقابلے میں سعد بن اویس نے گیارہ ووٹ حاصل کئے’دیگر بلامقابلہ منتخب ہونیوالے عہدیداروں میں عمران یوسفزئی سینئر نائب صدر ‘شہزاد محمود نائب صدر’عزیز بونیر نائب صدر’شکیل الرحمان فنانس سیکرٹری ‘سراج عارف اور ضیاء السلام جائنٹ سیکرٹریز شامل ہیں ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین اعجاز احمد منتخب ہوئے جبکہ دیگر ممبران میں امجد عزیز ملک ‘شیبا حیدر’عرفان موسیٰ زئی’جاوید علی’عظمت اللہ’شوکت حسین’ہاشم خان’نادر خواجہ ‘ارشد ڈار ‘آصف شہزاد اور کلیم قریشی شامل ہیں’

نومنتخب صدر عاصم شیراز نے بہترین انتخابات پر الیکشن کمیٹی کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ اس کیساتھ انہوں نے تمام اراکین اورپاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے صدر امجد عزیز ملک کا شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں اور سپورٹ سے شفاف الیکشن ممکن ہوسکا ، انہوں نے جس طرح سے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور سب کوساتھ لے کر چلیں گے ایسوسی ایشن میں اتحاد واتفاق کو فروغ دیں گے انہوں نے کہا کہ عہدوں کی کوئی اہمیت نہیں اصل مقصد کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے کام کرنا ہے اور ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جلد ہی خیبرپختونخوا سپورٹس رائٹرز ایوارڈز تقریب کا انعقاد کریں گے جس میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والے صوبے کے کھلاڑیوں کو ایوارڈز دئیے جائیں گے جبکہ اس کیساتھ بہترین کارکردگی دکھانے والے صحافیوں کو بھی ایوارڈز سے نوازا جائے گا’انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ میڈیا سپورٹس فیسٹیول بھی منعقد کرائیں گے اس کیساتھ ساتھ کھیلوں سے وابستہ صحافیوں کیلئے مختلف ٹوررز کا بھی اہتمام کیا جائے گا انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسوسی ایشن کے تمام ممبران ہمارا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے ۔

error: Content is protected !!