سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ وہ اب مزید نہیں دوڑ سکیں گے۔شعیب اختر نے اپنے انسٹاگرام پر کی گئی ایک پوسٹ میں بتایا کہ ان کے بھاگنے کے دن اب ختم ہوگئے ہیں اور وہ اپنے گھٹنے بدلوانے کے لیے بہت جلد آسٹریلیا کے شہر میلبورن جانے والے ہیں۔شعیب اختر نے اپنے انسٹاگرام پر نئی تصویر پوسٹ کرنے کے بعد یہ پیغام شیئر کیا ہے، جس کے بعد مداحوں کی جانب سے ان کی صحت یابی دریافت کرنے اور ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرنے کے لیے پیغامات آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔مداحوں کا کہنا تھا کہ گھٹنے کی سرجری کروانے کے بعد شعیب اختر دوبارہ بہتر حالت میں آجائیں گے۔ واضح رہے کہ شعیب اختر نے 2003 میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں 161.3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی تھی جسے دنیا کی تیز ترین گیند تصور کیا جاتا ہے۔شعیب اختر کو دنیا کا فاسٹ بولر مانا جاتا ہے انہوں نے آسٹریلیا کے فاسٹ بولر بریٹ لی کی تیز ترین بولنگ کروانے کا ریکارڈ توڑا تھا۔