قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ کورونا کے دنوں میں ہم نے اسٹیڈیم میں کراوڈ کو بہت مس کیا ، سال میں 17 ٹی ٹوئنٹی میچز میں کامیابیوں پر بہت خوش ہوں، یہ سب ٹیم کی محنت کا ثمر ہے۔بنگلا دیش میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہاہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بنگلا دیش کے خلاف تینوں میچز میں ڈھاکا کے کراوڈ نے بھرپور سپورٹ کیا۔
بابر نے کہاکہ جیت کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ پہلے اپنی خامیوں کی نشاندہی کی جائے، ہمیں فیلڈنگ اور لوئر مڈل آرڈر میں بہتری کی ضرورت تھی۔کپتان قومی کرکٹ ٹیم کاکہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ میں ہماری فیلڈنگ بہت بہتر ہوئی ہے، لوئر مڈل آرڈر میں بھی میچ فنش کرنے کی عادت آرہی ہے، میں بحیثیت کپتان اپنے کھلاڑیوں کو صرف ان کا رول کلیئر بتاتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ کرکٹ ایک کھیل ہے
جہاں اچھے اور برے دن آتے رہتے ہیں،مگر ہم اپنی محنت جاری رکھیں گے۔کپتان نے کہاکہ میں اس سیریز میں توقعات کے مطابق بیٹنگ نہیں کرسکا جبکہ خوشدل شاہ، فخر زمان اور محمد نواز نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ کوشش کریں گے ٹیسٹ میں بہتر کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں۔