سجاس کے زیر انتظام ایس ایس بی سجاس اسپورٹس فیسٹول کا اغاز ہوگیا، سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئر اختر عنایت بھرگڑی نے افیسٹول کے پہلے مرحلے میں کھیلے جانے والے کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا، اختر عنایت بھرگڑی نے میڈیا ہاؤسز کے درمیان فیسٹول کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سجاس کا اقدام قابل ستائش ہے، فیسٹول کے انعقاد سے پیشہ وارانہ امور میں مصروف رہنے والے میڈیا پرسن کو بھی صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔
اکراچی پریس کلب کے سیکریٹری رضوان بھٹی کا کہنا تھا کہ اسپورٹس جرنلسٹس کے لئے سجاس کی خدمات سب کے سامنے ہے، مستقبل میں کراچی پریس کلب سجاس کے ساتھ مل کر اسپورٹس فیسٹول کا انعقاد کرے گا، اس موقع پر سجاس کے پیٹرن خواجہ احمد مستقیم، صدر آصف خان، سیکریٹری اصغر عظیم، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر انجینئر محفوظ الحق، کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد، کے ڈی اے کے ایڈیشنل سیکریٹری ایاز منشی، محمد نسیم سمیت اسپورٹس سے وابستہ دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
اصغر علی شاہ کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری فیسٹول کے افتتاحی روز کھیلے جانے والے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن اے آر وائی نیوز نے آج نیوز کو 40 رنز سے شکست دیکر اپنے اعزاز کے دفاع کا اغاز کامیابی کے ساتھ کیا، اے آر وائی نیوز کے اسکور 186 کے جواب میں آج نیوز کی اننگ 20 اور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 146 تک محدود رہی، فاتح ٹیم کے بابر خان 67 رنز کے ساتھ دو شکار کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے،بابر خان نے مہمان خاص سیکریٹری کراچی پریس کلب رضوان بھٹی سے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ وصول کیا،
سجاس ریڈ اور روزنامہ دنیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں روزنامہ دنیا نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سجاس ریڈ سے فتح چھین لی، سجاس ریڈ کے اسکور 158 رنز کے تعاقب میں تیرہویں اوور میں 79 رنز پر 7 وکٹیں گنوانے کے باوجود روزنامہ دنیا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 19.4 اوور میں حدف حاصل کرکے دو وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کرلی، فاتح ٹیم کے عبداللہ 32 گیندوں پر 66 رنز بناکر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، سجاس ریڈ کے اوپنر شاہد انصاری کی گیارہ چوکوں سے سجی 57 گیندوں پر 78 رنز بھی ان کی ٹیم کے کام نہ آئی۔۔۔۔