کھیلوں کے فروغ و ترقی کیلئے منتظمین کیساتھ صحافیوں کا کردار مسلمہ ہے، سید عاقل شاہ

پشاور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر سید عاقل شاہ نے خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے خیبریونین آف جرنلسٹس اور خیبرپختونخوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا جس کی صدارت پی او اے کے سینئر نائب صدر سید عاقل شاہ نے کی ان کے ہمراہ صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیدار جن میں ہارون ظفر ‘ چیئرمین صوبائی ٹینس ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر’ ذوالفقار بٹ’ جمناسٹک ایسوسی ایشن کے عامر صابر ایڈووکیٹ’ ریسلنگ ایسسی ایشن کے ارشد درانی ایڈووکیٹ’ تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے مرتضیٰ بنگش’الیاس آفریدی’محمد ندیم’خیبریونین آف جرنلسٹس یونین کے نومنتخب صدر ناصر حسین’سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر عاصم شیراز’جنرل سیکرٹری شاہد آفریدی ‘سابق صدر اعجاز احمد’سابق سیکرٹری عمران یوسفزئی’ارشاد خان’احتشام بشیر’عظمت اللہ ‘قادر خان سمیت دیگر صحافیوں اور سپورٹس منتظمین نے شرکت کی’۔

اس موقع پر خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے سید عاقل شاہ سمیت دیگر عہدیداروں نے خیبریونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں اور سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کو پھولوں کے ہار پہنائے’پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلوں کے فروغ و ترقی کیلئے منتظمین کیساتھ صحافیوں کا کردار مسلمہ ہے اس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے اولمپک ایسوسی ایشن کیساتھ سپورٹس رائٹرز اور اس کیساتھ سپانسرز کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں جب خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال بھی خراب تھی اس کے باوجود ہم نے پشاور میں نیشنل گیمز سمیت دیگر گیمز کرائیں ریسلنگ کے انٹرنیشنل مقابلے کرائے اس کے علاوہ دیگر قومی اور انٹر پراونشل گیمز کا انعقاد کرایا جو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائیگا انہوں نے کہا کہ جب تک ایونٹس نہیں ہونگے کھلاڑیوں کو آگے جانے کے مواقع نہیں مل سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کا وفد جلد ہی سپورٹس رائٹرز کے نمائندوں کے ہمراہ وزیراعلیٰ محمود خان کیساتھ ملاقات کرے گا جس میں انٹرپراونشل گیمز سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کو بین الصوبائی گیمز کی میزبانی دینے کو تیار ہے اس سلسلے میں حکومت کی اجازت اور سپورٹ کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ محمود خان کو آگاہ کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ کھیلوں کیساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کیا جائے اور ہم نے اپنے ادوار میں کرکے دکھایا جس کے ثمرات آج کھلاڑی وصول کررہے ہیں’خیبریونین آف جرنلسٹس کے صدر ناصر حسین نے اپنے خطاب میں سید عاقل شاہ اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے سیاسی و کھیلوں سے وابستہ کیرئیر پر روشنی ڈالی اور ان کی دونوں میدانوں میں بہترین کارکردگی پر ان کو خراج تحسین پیش کیا اور آزادی صحافت بارے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔

تعارف: newseditor