ظہیر عباس بھی پی سی بی ہال آف فیم میں شامل

سٹائلش بیٹر اور پاکستان کے سابق کپتان ظہیر عباس باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہوگئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین نے ظہیر عباس کو پی سی بی ہال آف فیم کی اعزازی ٹوپی اور اعزازی پلاک پیش کی،تقریب پاکستان اورآسٹریلیا کے مابین جاری بینو قادر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ کے کھیل میں کھانے کے وقفے کے دوران منعقد کی گئی۔اس سے قبل وسیم اکرم اور فضل محمود بھی پی سی بی ہال آف فیم کا باضابطہ حصہ بن چکے ہیں۔اس موقع پر ظہیر عباس نے کہا کہ وہ اپنے ہوم گرائونڈ پر موجود ہزاروں شائقین کرکٹ کے سامنے اس باوقار انداز میں یہ اعزاز دیے جانے پر بہت خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً دو دہائیوں تک پاکستان کی نمائندگی کو وہ خود کے لیے بہت بڑا اعزاز سمجھتے ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ انہیں اپنے دور کے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ اور خلاف کھیلنے کی بہت خوشی ہے۔ اس دور میں کرکٹ کے ضوابط آج کی طرح سخت تو نہ تھے مگر کھیل کے مواقع محدود تھے تاہم اس کے باوجود خدمات کا اعتراف انعامات اور تعریف ہمیشہ اطمینان بخش انداز سے کیا جاتا تھا۔لیجنڈری بیٹر کا کہنا تھا کہ کرکٹ جینٹلمین گیم ہے اور انہیں خوشی ہے کہ یہ خوبصورت کھیل جدید دور کے ایلیٹ کرکٹرز کے محفوظ ہاتھوں میں ہے جو دن بہ دن اس کھیل کے معیار کو بڑھانے کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں تاکہ نوجوان نسل کی بھرپو ر توجہ حاصل کی جاسکی۔ ظہیر عباس نے کہا کہ وہ پی سی بی، اپنے خاندان، دوستوں اور اپنے تمام ہم عصروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے اس یادگار سفر میں ان کا ساتھ دیا۔

error: Content is protected !!