سوات کے پرفضا مقام مالم جبہ میں خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، مالم جبہ سکی ریزورٹ اور ریڈ بل کے باہمی اشتراک سے منعقدہ ریڈ بل ہوم رن ایونٹ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔ خواتین سنو بورڈنگ مقابلوں میں سوات کی عذرا بی بی فاتح قرار پائی جبکہ مردوں کے ریڈبل ہوم رن سنو بورڈنگ میں علی حسنین اور سکی مقابلوں میں نور عالم شاہ نے اولین پوزیشنز حاصل کی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پی سی ہوٹل مالم جبہ کے جنرل منیجر انصار یونس مہمان خصوصی تھے۔ ان کے ہمراہ خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی کے عہدیداران، کیپٹن یونس، جنرل منیجر مارکیٹنگ مارٹن، سکی ریزورٹ مالم جبہ عہدیداران اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
ایونٹ میں سیاحوں اور کھلاڑیوں کو محظوظ کرنے کیلئے روایتی رباب موسیقی بھی رکھی گئی تھی۔دو روزہ ایونٹ کے اختتامی دن مردوں اور خواتین کے ریڈبل ہوم رن سنو بورڈنگ اور سکینگ کے مقابلے منعقد ہوئے۔ خواتین کے ریڈبل ہوم رن سنو بورڈنگ کے مقابلوں میں سوات سے تعلق رکھنے والی عذرا بی بی نے پہلی، عائشہ اکمل نے دوسری جبکہ اقراء نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مردوں کے سنو بورڈنگ کے مقابلوں میں علی حسنین نے پہلی، جبران عزیز نے دوسری جبکہ عمیس حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
مردوں کے سکی مقابلوں میں نور عالم شاہ نے پہلی، شیر گیلانی نے دوسری جبکہ اعزاز علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایونٹ کے پہلے روزمردوں اور خواتین کے سکی اور سنوبورڈنگ کے مقابلے منعقد ہوئے تھے جس میں خواتین کے سنوبورڈنگ مقابلوں میں عائشہ اکمل نے پہلی، عذرا بی بی نے دوسری جبکہ تالیہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سکی کے انڈر18 مقابلوں میں محمد زبیر نے پہلی، نورعالم نے دوسری جبکہ حضرت عمر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
18 پلس عمر کے مقابلوں میں ذاکر حسین نے پہلی، فیض علی نے دوسری جبکہ محمد صادق نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔مردوں کے سنو بورڈنگ کے مقابلوں میں علی حسنین نے پہلی، وکیل احمد نے دوسری جبکہ عدیل حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایونٹ میں سیاحوں، کھلاڑیوں اور شرکاء کیلئے روایتی رباب موسیقی کا تڑکا بھی رکھا گیا تھا جس سے شرکاء خوب محظوظ ہوئے۔ ریڈبل ہوم رن ایونٹ میں 70 سے زائد مردو خواتین اتھلیٹس شریک ہوئے۔