پاکستان سپورٹس بورڈ نے اینٹی ڈوپنگ آگاہی مہم کو تربیتی کیمپوں کا لازمی حصہ قرار دے دیا ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے میڈیا ترجمان کے مطابق اس سلسلہ میں گزشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ کے متعلقہ میڈیکل ونگ کو باقاعدہ ہدا یات جاری کر دی گئیں ہیں، تفصیلات کے مطابق پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد اور لاہور سنٹرز میں بین الاقوامی گیمز کی تیاری کے لئے مختلف کھیلوں تربیتی کیمپس جاری ہیں، جس کے لئے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزاجو کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کی صدر بھی ہیں کی خصوصی ہدایات پر اینٹی ڈوپنگ مہم کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات دی گئیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تربیتی کیمپوں کے دوران اینٹی ڈوپنگ کے حوالے سے خصوصی سیشنز کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں کھلاڑیوں اور کوچز کو اینٹی ڈوپنگ کے حوالے سے ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی( واڈا) کے پروگرامز کے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی اور اس مہم کو موثر بنانے کے لئے آگاہی بینرز، پمفلٹس اور ویڈیو کلپس بھی جاری کی جائیں گی۔