پشاور( سپورٹس رپورٹر)ڈی جی سپورٹس خیبر پختونخوا اوپن ٹینس چیمپئن شپ اختتام پزیر،برکت اللہ نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا جبکہ ڈبل کیٹگری میں یوسف اور اعجاز فاتح کرار پائیں،مہمان خصوصی سابق صوبائی وزیر کھیل اور صدر خیبر پختونخوا اولمپکس ایسوسی ایشن سید عاقل شاہ نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافی اور کیش انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ چیئرمین خیبر پختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر،صدر ڈی آئی جی سلیم مروت،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سپورٹس ڈائریکٹوریٹ سلیم رضا،ڈپٹی ڈائریکٹر طارق خان،سیکرٹری کے پی اولمپکس ایسوسی ایشن ذولفقار بٹ اور ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عمر آیاز سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔
صوبائی ٹینس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پشاور سپورٹس کمپلکس میں منعقدہ ٹینس چیمپئن شپ گزشتہ روز اختتام پزیر ہوا جس میں برکت اللہ نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد شعیب خان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلی جبکہ ڈبل کیٹگری کے مقابلوں میں یوسف اور اعجاز نے برکت اور شعیب کو ہرا کر فائنل جیت لی۔اسی طرح انڈر 18 کیٹگری کے مقابلوں کے فائنل میں حامد اسرار نے شاہسوار کو شکست دے دی ،انڈر 12 کے مقابلوں میں بچوں نے کافی دلچسپی لی جس میں شعیب اور شایان آفریدی کے مابین فائنل میچ کھیلا گیا جس میں شایان آفریدی نے برتری حاصل کرلی ۔چیمپئن شپ میں انڈر 8 کے بھی مقابلے رکھے گئے تھے جس میں عبداللہ نے فیضان آفریدی کو شکست دے کر کامیابی اپنے نام کرلی۔واضح رہے ڈی جی سپورٹس خیبر پختونخوا اوپن ٹینس چیمپئن شپ میں مختلف کیٹگریز میں ایک سو ستر کھلاڑیوں نے شرکت کی جس کے لئے ایک لاکھ پچاس ہزارانعامی رقم رکھی گئی تھی۔چیپمئن شپ میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے بین الااقوامی کھلاڑیوں نے بھر پور شرکت کی۔