انڈر21 خواتین گیمز کل سے پشاور میں شروع ہورہی ہیں ، خالد خان

پشاور (سپورٹس رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا خالد خان نے اعلان کیا ہے کہ انڈر21 ویمنز گیمز کل سے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہورہی ہیں جس کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں گیمز کی افتتاحی تقریب آج منعقد ہورہی ہے وہ گزشتہ روز پشاور سپورٹس کمپلیکس میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ان کے ہمراہ ڈائریکٹر آپریشنز سپورٹس سید ثقلین شاہ’ ڈائریکٹریس سپورٹس مس رشیدہ غزنوی’ ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ سلیم رضا’ اے ڈی ذاکر اللہ اورایڈمن پشاور سپورٹس کمپلیکس جعفر شاہ بھی موجود تھے’ ڈی جی سپورٹس خالد خان نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث یہ گیمز تاخیر کاشکارہوئیں شیڈول کے مطابق یہ گیمز 2020 میں منعقد ہونا تھیں جو اب منعقد کی جارہی ہیں’انہوں نے کہا کہ پہلے انٹر تحصیل گیمز کا انعقاد کیا گیا جس کے ونرز کے درمیان انٹر ڈسٹرکٹ لیول پر مقابلے ہوئے اور اس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں نے انٹر ریجنل گیمز میں شرکت کی اور سات ریجنز کے درمیان مقابلے ہوئے جس کا فائنل رائونڈ پشاور میں منعقدہوا ڈسٹرکٹ کی سطح پر انٹر ڈسٹرکٹ اوپن ٹرائلز منعقد کرکے ٹیموں کے انتخاب کیاگیا جنہوں نے مردوں کے انڈر21 گیمز میں شرکت کی اور اب انڈر21 ویمنز گیمز کا انعقاد کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ یہ گیمز آج بائیس مارچ سے پچیس مارچ تک منعقد ہوں گی اس سے قبل چالیس مختلف ایونٹس منعقد ہوئے اور سات اب یہ ایونٹس منعقد کئے جارہے ہیں

 

ان گیمز کا آغاز پشاور سپورٹس کمپلیکس سے ہوگا جبکہ کچھ ایونٹس چارسدہ سپورٹس کمپلیکس’درگئی کالج اور صوابی کے بام خیل سپورٹس کمپلیکس میں منعقد کئے جارہے ہیں صوابی میں کرکٹ کا ایونٹ ہوگا انہوں نے کہا کہ حکومت نے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے بے شمار منصوبے شروع کئے جس میں سے بیشتر مکمل ہوچکے ہیں چارسدہ اور صوابی کے سپورٹس کمپلیکس میں بھی بہترین سہولتیں موجود ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب تک ان ایونٹس میں پچیس سے زائد ایتھلیٹکس مختلف کیٹیگریز میں حصہ لے چکے ہیں جنہیں نقد انعامات کیساتھ سکالر شپ بھی دی گئیں گیمز ونرز کے لئے رجسٹریشن جاری ہے میڈل ونرز کو ایک سال تک سکالر شپ دی جائے گی انہوں نے کہا کہ انڈر21 ویمنز گیمز میں 35 ڈسٹرکٹس سے 3000 کھلاڑی اور آفیشلز شرکت کررہی ہیں جن کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں ڈی ایس اوز نے محنت کیساتھ میرٹ پر ٹیموں کا انتخاب کیا ان گیمز میں ضم اضلاع کی کھلاڑی بھی شرکت کررہی ہیں

 

 

ان گیمز میں ایتھلیٹکس’بیڈمنٹن’ٹیبل ٹینس’رسہ کشی’نیٹ بال اور والی بال کے ایونٹس شامل ہیں سیکورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کئے جارہے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم اور حیات آباد کرکٹ سٹیڈیمز پر کام جاری ہے امپورٹیڈ آئٹمز کے باعث کچھ تاخیر ہوئی تاہم کوشش ہے کہ جلد از جلد ان منصوبوں کو مکمل کیا جائے تا کہ یہاں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کے میچوں کا انعقاد کیا جاسکے اوراس کیساتھ پی ایس ایل کے میچ بھی پشاور میں منعقد ہوں’وزیراعلیٰ محمود خان خود تمام منصوبوں کی نگرانی کررہے ہیں’ انہوں نے کہاکہ ہاکی لیگ کے جن کھلاڑیوں کو انعامات کی رقوم نہیں ملیں اس مسئلے کوبھی جلد ہی حل کریں گے انٹرنیشنل سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لئے بھی جلد ہی خصوصی تقریب پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگی جس میں باکسنگ ‘سکواش ‘ہاکی اور دیگر ایونٹس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا جائے گا۔

تعارف: newseditor