پشاور(سپورٹس رپورٹر)28ویں قومی جونیئر ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ 24تا 27 مارچ کوہاٹ میں کھیلی جائے گی یہ پہلا موقع ہوگا کہ کوہاٹ میں قومی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کھیلی جائے گی جس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، اسلام آباد، او جی ڈی سی ایل، این ایچ اے، آرمی اور واپڈا کے مرد وخواتین کھلاڑی حصہ لیں گے۔ ٹورنامنٹ چیئرمین شاہد شنواری اور آرگنائزنگ سیکرٹری کفایت اللہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور 100 کھلاڑی، جن میں 40 لڑکیاں ہیں، انڈر 15 اور انڈر 18 سنگلز، ٹیم ایونٹس اور انڈر 18 ڈبلز کیٹگریز میں حصہ لیں گے
چیمپئن شپ میں 9 سے 11 اپریل تک مالدیپ میں جنوبی ایشیائی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے لئے ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا نے 27 ویں قومی جونیئر ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کی بھی میزبانی کی تھی اور مجموعی طور یہ 19واں موقع ہوگا کہ خیبر پختونخوا اس ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ انہوں نے اضلاع میں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی اور گرائونڈز بنانے پر وزیر اعلی محمود خان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہی سہولیات کی بدولت کوہاٹ میں پہلی بار قومی چیمپئن شپ منعقد کی جارہی ہے۔