لاہور:(علی عباس)پاکستان کے لئے ایک اور اعزاز! سابق انٹرنیشنل ہاکی ایمپائر و ایف آئی ایچ ایمپائرز مینجر راشد محمود بٹ کو ایشین ہاکی فیڈریشن نے ایشین گیمز کوالیفائرز ایونٹ میں ایمپائرز مینجر تعینات کردیا۔ پاکستان کے شہر لاہور سے تعلق رکھنے والے راشد محمود بٹ پاکستان ریلوے سپورٹس کنٹرول بورڈ کے نائب صدر کے طور پر بھی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ایمپائرز مینجر کے عہدے پر تعینات راشد بٹ ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام 6 تا 15 مئی تھائی لینڈ کے دارلخلافہ بنکاک میں کھیلے جانے والے ایشین گیمز کوالیفائرہاکی ٹورنامنٹ میں بطور ایمپائرز مینجر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سرانجام دینگے۔ ایف آئی ایچ ایمپائرز مینجر راشد بٹ انٹرنیشنل ہاکی ایونٹ میں ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے تعینات کئے گئے ہیں ۔ ایشین گیمز کوالیفائرز ہاکی ایونٹ میں ایمپائرنگ کے شعبہ میں اس وقت دو پاکستانی پیشر ورانہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں جن میں راشد محمود بٹ بطور ایمپائرز مینجر جبکہ انٹرنیشنل ہاکی ایمپائر یاسر خورشید بطور نیوٹر ایمپائر ایونٹ میں شرکت کررہے ہیں۔
ایشین گیمز کوالیفائر ہاکی ایونٹ میں نو ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔جن کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں اومان، تھائی لینڈ، ہانگ کانگ چائینہ، ازبکستان اور قازقستان شامل ہیں جبکہ پول بی میں بنگلہ دیش، سری لنکا، انڈونیشیا اور سنگا پور شامل ہیں۔