بھارت سے ہارنے پر ٹیم تبدیل ہوجاتی ہے،معین خان

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور منیجر معین خان کا کہنا ہے کہ بھارت سے ہارے تو پی سی بی نے جھوٹا کسینو سکینڈل بنوادیا۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں سابق کپتان معین خان نے اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ شرکت کی اور مختلف سوالات کے جوابات دیے۔معین خان کی اہلیہ نے بتایا کہ یہاں پاکستان میں لوگوں کو صرف یہ پتا ہے کہ تاش جو ہے وہ جوا ہوتا ہے لوگوں کو یہ نہیں معلوم کہ وہاں پر کسینو میں کھانا بھی ملتا ہے۔سابق کپتان کی اہلیہ نے بتایا کہ ہم وہاں پر حلال فوڈ کی تلاش میں تھے، کسینو میں کھانا، پانی بھی ملتا ہے میں نے معین سے کہا تھا کہ ایک ڈرنک لا دیں یہ حلال کے چکر میں مچھلی لینے چلے گئے ان دنوں وہاں زلزلہ آیا ہوا تھا کھانا مشکل سے مل رہا ہے سب کچھ بند تھا۔انہوں نے بتایا کہ میں نے کہا کہ یہ واپس آئے تو انہوں نے کہا کہ وہاں پر لوگوں نے کہا کہ معین بھائی ایک تصویر کھنچوالے تو شوہر نے میرے کہنے پر تصویر کھنچوالی۔اہلیہ نے کہا کہ ہمیں تو کچھ علم ہی نہیں تھا بیٹی کا فون آیا کہ مما بابا تو کسینو میں تھے تو میں نے بیٹی سے کہا کہ نہیں نہیں بابا تو میرے ساتھ تھے۔انہوں نے کہا کہ آپ یقین کریں یا نہ کریں معین خان کبھی جوا نہیں کھیلتے۔معین خان نے بتایا کہ پاکستان بھارت سے ہارا ہوا تھا، بھارت سے ہارنے پر ٹیم تبدیل ہوجاتی ہے کرکٹ بورڈ نے میڈیا پر یہ خبر چلوائی تاکہ ہارنے کی خبر پشت پر چلی جائے۔سابق کپتان نے کہا کہ مجھے افسوس ہوا تھا کہ میڈیا کے ذریعے کیا چلوایا جارہا ہے اور میڈیا دنیا کو کیا بتانا چاہ رہا ہے اور کوئی افسوس نہیں تھا کیونکہ کچھ غلط کیا ہی نہیں تھا۔

تعارف: newseditor