قومی کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے مشاورت کا آغاز ہوگیا، کپتان بابراعظم اور ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے اپنی رائے دے دی ہے، کپتان اور کوچ معاوضوں میں اضافے کے خواہشمند ہیں۔قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کی مدت 30 جون کو ختم ہورہی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ سینٹرل کنٹریکٹ کو حتمی شکل دینا چاہتا ہے تاکہ نئے مالی سال میں اس کو بجٹ کا حصہ بنایا جاسکے۔ابتدائی مشاورت میں نئے کنٹریکٹس کے مسودے، بجٹ، کیٹگریز، ماہانہ اضافہ اور کھلاڑیوں کی تعداد پر بات چیت ہوئی ہے۔قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے بھی اپنی رائے دے دی ہے، کپتان اور ہیڈ کوچ نئے کنٹریکٹس میں 20 فیصد تک اضافے کے حق میں ہیں۔ڈومیسٹک کرکٹرز اور کوچز کے کنٹریکٹ اور تعداد کا معاملہ بھی زیر غور ہے۔بجٹ کو حتمی شکل دینے کے بعد کھلاڑیوں کے ناموں کے حوالے سے بات چیت کا آغاز ہوگا