بابر اعظم کی سنچری، ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میچ میں شکست

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان نے 306 رن کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، کپتان بابر اعظم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 106 رنز بنائے۔دوسرے اینڈ سے نوجوان بلے باز امام الحق نے کپتان کا خوب ساتھ دیا اور 65 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔مہمان ٹیم نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائے ہوپ سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 127 رنز کی اننگز کھیلی۔ان کے علاوہ شمارہا بروکس نے بھی ذمے دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 70 رنز بنائے۔

ان دونوں بلے بازروں کے علاوہ رومین پاول 32، روماریو شیفرڈ 25 اور کپتان نکولس پوران نے 21 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حارث رؤف نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے 2 مہمان بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔لیگ اسپنر شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، محمدر ضوان، شاداب خان، محمد حارث، خوشدل شاہ اور محمد نواز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور حسن علی بھی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں کپتان نکولس پوران، شائے ہوپ، کائیل میئرز، شمارہا بروکس، برینڈن کنگ، رومین پوویل، روماریو شیفرڈ، اکیل حسین، الزاری جوزف، جیڈن سیلز، ہیڈن والش ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 10 اور تیسرا 12 جون کو کھیلا جائے گا۔

تعارف: newseditor