قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی معطل رہنما نوپور شرما کے گستاخانہ بیان پر شدید ردعمل دیا ہے۔شعیب اختر نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ہمارے لیے ہمارے پیارے نبیۖ سے بڑھ کر کچھ نہیں، ہمارا جینا مرنا اور کچھ بھی کرنا صرف ان کے لیے ہے۔انہوں نے کہا کہ میں بی جے پی کی معطل رہنما نوپور شرما کے پیغمبرِ اسلامۖ کے خلاف گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کرتا ہوں۔سابق کرکٹر نے بھارتی حکومت کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے اس گھٹیا حرکت اور گستاخانہ بیان پر خاتون کو پارٹی سے معطل کرکے بہت اچھا فیصلہ کیا۔شعیب اختر نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کو مزید اقدامات کرنے چاہیے تاکہ دوبارہ اس طرح کے واقعات نہ ہوں۔