دوسرے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست،پاکستان کی سیریز میں فیصلہ کن برتری

پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 120 رنز سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 275 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 276 رنز کا ہدف دیا گیا تھا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم 33 ویں اوور میں 155 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی، اس طرح پاکستان نے دوسرا میچ 120 رنز کے بڑے مارجن سے جیت کر سیریز میں 2صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

پاکستان کی جانب سے شاندار بالنگ کرتے ہوئے اسپنر محمد نواز نے ویسٹ انڈیز کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔شاندار بالنگ کارکردگی پر آل راؤندر محمد نواز کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ان کے علاوہ محمد وسیم نے 3 اور لیگ اسپنر شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔قبل ازیں، پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 77 رنز بنائے تھے۔نوجوان بلے باز امام الحق نے بھی گزشتہ میچ کی زبردست فارم اور کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے آبائی شہر میں کھیلے جانے والے میچ میں 72 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔اس کے علاوہ خوشدل شاہ اور شاداب خان نے 22، 22 رنز بنائے تھے۔پاکستانی اوپنر فخرزمان 17 اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔حمد وسیم 17 اور شاہین آفریدی 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ الزاری جوزف اور اینڈرسن فلپ نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔یاد رہے کہ دو روز قبل کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 306 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کامیابی سے حاصل کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

 

 

 

تعارف: newseditor