جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ون ڈے میچ میں آئرش ویمن کرکٹ ٹیم کو نو وکٹوں کے واضح فرق سے شکست دیدی، آئرلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر ان کا یہ فیصلہ اس وقت انتہائی غلط ثابت ہوا جب پوری ٹیم 27.2 اوورز میں صرف 69 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جارجینا ڈیمپسے 19 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہیں جبکہ چار آئرش بیٹرز بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئیں، آئرش بیٹنگ لائن کو تباہ کرنے میں جنوبی افریقہ کی بائولر شبنیم اسماعیل اور سونی لوس نے اہم کردار ادا کیا دونوں نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ آیابونگاکھاکا نے دو، ناڈائن ڈی کلرک اور رئیسبی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 16 اوورز میں حاصل کرتے ہوئے میچ نو وکٹوں کے واضح فرق سے جیت لیا، لارا گوڈال نے 32 اور آندری سٹین نے 21 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جنوبی افریقہ کی شبنیم اسماعیل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔