انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھی نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دیکر مشن کلین سویپ مکمل کرلیا ہے، انگلینڈ کی ٹیم جسے میچ جیتنے کیلئے 296 رنز کا ہدف ملا تھا نے اپنی نامکمل اننگز میچ کے پانچویں روز 182 رنز دو کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو صرف تین رنز کے اضافے سے انگلش ٹیم کو تیسرے نقصان اٹھانا پڑا اور اولے پاپ 82 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے تاہم اس کے بعد جو روٹ اور جانی بیئرسٹو نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا
جو روٹ نے 86 جبکہ جانی بیئر سٹو نے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یاد رہے کہ پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے تمام وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلش ٹیم نے 360 رنز تمام وکٹوں کے نقصان پر بنائے، دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 326 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی تھی، جیک لیچ کو پلیئر آف دی میچ جبکہ جو روٹ کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔