قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مختصر کردیا گیا۔کرکٹرز فٹنس ڈرلز کے بعد ہوٹل چلی گئیں اور وہاں جم ٹریننگ کی
قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن مختصر کرنے کی وجہ سیاسی جماعت کے جلسے اور ریلیاں بنے ہیں، خواتین کھلاڑیوں نے ہوٹل میں ہی جم ٹریننگ کی۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیاسی جلسے اور ریلیوں کے باعث قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن صرف فٹنس ڈرلز تک محدود رہا، خواتین کھلاڑی پریکٹس سیشن کی بجائے ہوٹل میں جم ٹریننگ کریں گی۔خواتین کرکٹرز کل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی،
تربیتی کیمپ میں پندرہ کھلاڑی شریک ہیں، تربیتی کیمپ کے دوران بیٹنگ، بالنگ اور فیلڈنگ پریکٹس سیشنز کے علاوہ سینیریو بیس پریکٹس میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ اس سے قبل کراچی سے تعلق رکھنے والی خواتین کرکٹرز نے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کی زیرنگرانی چار روزہ تربیتی کیمپ کے دوران نیٹ سیشنز میں شرکت کی تھی۔
اس کیمپ میں فاطمہ ثنا، ایمن انور، کائنات امتیاز، منیبہ صدیقی اور عمیمہ سہیل نے شرکت کی۔ اس دوران کھلاڑیوں کو بالنگ کوچ سلیم جعفر کی خدمات بھی حاصل تھیں۔قومی خواتین سکواڈ 12 جولائی کو بذریعہ دبئی بیلفاسٹ روانہ ہوگا، جہاں سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے لیے برمنگھم روانہ ہوجائے گی۔ جن کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں طلب کیا گیا ہے ان میں بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ (وکٹ کیپر)، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی (وکٹ کیپر)، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال اور طوبہ حسن شامل ہیں۔