ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا اور زمونگ کور کے باہمی اشتراک سے زمونگ کور میں مقیم یتیم اور بے سہارا بچوں کے لئے آئو دوبارہ مسکرائیں سپورٹس فیسٹیول26 تا 28 جولائی ہریانہ پایان میں منعقد کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خالد خان کا کہنا ہے کہ فیسٹیول کا مقصد زمونگ کور میں مقیم بچوں کو مثبت تفریح اور خوشی کے مواقع فراہم کرنا ہیتاکہ وہ بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر کے آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچے معاشرے کے دیگر بچوں کی طرح صلاحیتیوں سے مالا مال ہیں انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ڈائریکٹوریٹ سپورٹس انہیں کھیلوں کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں کرکٹ، فٹ بال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، رسہ کشی، کراٹے، جوجتسو، میوزیکل چیئر کے مقابلے کرائے جائیں گے آرٹ نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں بچوں کی بنائی گئیں اشیا رکھی جائیں گی بچوں کے مابین گانوں کا مقابلہ بھی کرایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو کھیلوں کا سامان بھی فراہم کیا جائے گا اور پوزیشن لینے والوں کو انعامات دیئے جائیں گے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو۔