پشاور( سپورٹس رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا اور زمونگ کور کے باہمی اشتراک سے یتیم اور بے سہارا بچوں کے لئے” آئیے دوبارہ مسکرائیں” سپورٹس فیسٹیول گزشتہ روز ہریانہ پایان زمونگ کور انسٹی ٹیوٹ پشاورمیں شروع ہوگیا۔فیسٹیول کے افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر آپریشن عزیز اللہ جان تھے اس موقع پران کے ہمراہ ڈائریکٹر زمونگ کور سید مظہر علی شاہ،ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اشفاق احمد ، زمونگ کور سپورٹس انچارج مس خدیجہ ، صوبائی جوجتسوایسوسی ایشن کے سیکرٹری تحسین اﷲ، انٹر نیشنل کھلاڑی اﷲ گل آفریدی ،سرفراز احمد سمیت سمیت زمونگ کور کے آفیسرز موجود تھیں
تین روزہ فیسٹیول میں سینکڑوں بچے کرکٹ، فٹ بال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، رسہ کشی، کراٹے، جوجتسو، میوزیکل چیئر کے مقابلوں میں بھرپور دلچسپی کیساتھ شرکت کررہے ہیں افتتاحی تقریب کے موقع پر،رسہ کشی ،مارشل آرٹ مظاہرہ ، میوزیکل چیئر اور سیک ریس کے مقابلے منعقد ہوئے اس موقع پر زمونگ کور کے بچوں نے مارشل آرٹ کا بھی بہترین مظاہرہ کیا اور خوب داد وصول کی،افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر آپریشن عزیز اللہ جان نے کہا کہ فیسٹیول کابنیادی مقصد یتیم اور بے سہارا بچوں کو مثبت تفریح اور ان کے چہروں پر مسکراہٹ لانیکے مواقع فراہم کرنا اور اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بچے معاشرے کے دیگر بچوں کی طرح صلاحیتیوں سے مالا مال ہیں انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس انہیں کھیلوں کے مواقع فراہم کر رہاہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر زمونگ کور سید مظہر علی شاہ نے کہا کہ پہلی مرتبہ ان بے سہارا بچوں کے لئے سپورٹس ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے کیونکہ اسطرح ایونٹس کے انعقاد سے ان بچوں کو خوشی اور تفریح کیساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان بے سہارا بچوں میں کافی ٹیلنٹ موجود ہے ان پر توجہ دی گئی تو یقینا ان سے بھی ملک وقوم کے ہیرو نکل سکتے ہیں
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اسطرح سرگرمیوں کو مستقبل میں بھی تسلسل کیساتھ منعقد کریں تاکہ ان یتیم اور بے سہارا بچوں کو اپنے صلاحیتوں کا اظہار اور مثبت تفریح کے زیادہ سے زیادہ مواقع ملیں۔