پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے نومنتخب صدر طیب اکرام کے اعزاز میں پروقار تقریب اولمپک ھاوس لاھور میں منعقد کی گئی جس میں تقریب کے مہمان خصوصی ایف آئی ایچ صدر طیب اکرام ، صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سید عارف حسن ، سیکرٹری جنرل اولمپک ایسوسی ایشن خالد محمود، سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین، سابق ہاکی اولمپیئن توقیر ڈار، منظور الحسن، خواجہ جنید، خالد بشیر، ڈائریکٹر ایشین ہاکی فیڈریشن غلام غوث، ڈاکٹر اسد عباس شاہ، سیکرٹری ایسوسی ایشن محمد پرویز اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ملحقہ یونٹس کے نمائیندگان اور ممبران نے شرکت کی۔
پروقار تقریب میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سید عارف حسن سمیت شرکاء نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام کو مبارکباد پیش کی اور انکی نئی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے حوالہ سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طیب اکرام نے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کردیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئررخالد سجاد کھوکھر اور پی ایچ ایف کی جانب سے طیب اکرام کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ھوں۔ انہوں نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سید عارف حسن سے مطالبہ کیا کہ اولمپکس ایسوسی ایشن حکومت پاکستان کو خط لکھے اور حکومت پاکستان طیب اکرام کو قومی اعزاز سے نوازے۔
تقریب کے مہمان خصوصی صدر ایف آئی ایچ طیب اکرام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ میں تمام معززین کا شکریہ ادا کرتا ھوں کہ انہوں نے عزت افزائی فرمائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہاکی کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ھے ۔ پاکستان ٹیلنٹ کے حوالہ سے بیت زرخیز ھے۔ پاکستان کو پرولیگ میں لانے کا مقصد ٹوکیو اولمپکس کے لئے راہ ہموار کرنا تھا لیکن پاکستان کو بدقسمتی سے آخری وقت میں اس ایونٹ سے دستبردار ھونا پڑا۔ جس سے پاکستان ہاکی کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے توسط سے درخواست کرونگا کہ قومی کھیل کی ترقی کے لئے مثبت اقدامات میں ممدومعاون ہوں۔ پاکستان آرمی اور واپڈا میں پوٹینشل موجود ھے کہ وہ قومی کھیل کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔