قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں سپین کی ٹیم نے اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوسٹا ریکا کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں سات گول سے شکست دیدی، پورے میچ کے دوران سپین کی ٹیم کوسٹا ریکا پر حاوی رہی اور کوسٹا ریکا کے کھلاڑی کسی بھی لمحے میچ میں واپس آتے دکھائی نہیں دیئے، میچ کے 11 ہی منٹ میں سپین کے الومو نے گول سکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی
میچ کے 21 ویں منٹ میں اسنسیو نے دوسرا گول کردیا جبکہ میچ کے 31 ویں منٹ میں فیرن ٹورس نے تیسرا گول سکور کردیا، پہلے ہاف کے اختتام تک سپین کی ٹیم کو تین صفر کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں بھی سپین کی ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا، میچ کے 54ویں منٹ میں ملنے والی پینلٹی کک پر فیرن ٹورس نے اپنا دوسرا اور مجموعی طور پر چوتھا گول سکور کردیا، میچ کے 74 منٹ میں پیز گویرا نے پانچواں گول سکور کیا میچ کے 90ویں منٹ میں سولیر نے چھٹا اور انجری ٹائم میں موراٹا نے اپنی ٹیم کیلئے ساتواں گول سکور کردیا۔