سندھ کے سلطان محمد اسنوکر کے نئے قومی چیمپئن بن گئے، انہوں نے فائنل میں اسلام آباد کے شان نعمت کو 7-5 فریمز سے شکست دی۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر نوید کپاڈیہ کے مطابق نیشنل بینک کے صدر رحمت علی حسنی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس، کراچی میں کھیلے گئے این بی پی 47 ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں سلطان محمد اور شان نعمت کے درمیان شاندار مقابلہ دیکھنے کو ملا، شان نعمت 4-2 کی برتری، 95 اور 85 کے شاندار بریک کھیلنے کے باوجود ہار گئے۔ سلطان محمد لگاتار 4 فریمز میں کامیابی کے ذریعے بازی مار لی۔ ان کی جیت کا فریم اسکور 69-58، 16-105، 86-24، 4-85، 21-72، 32-70، 69-30، 61-39، 56-21، 62-41، 53-66 اور 69-0 رہا۔ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی رحمت علی حسنی نے انعامات تقسیم کئے۔
اس موقع پر چیئرمین پی بی ایس اے عالمگیر اے شیخ، ایس ای وی پی نیشنل بینک کریم اکرم خان، پی بی ایس اے کے اعزازی سیکریٹری ذوالفقار علی رمزی، پی بی ایس اے کے خزانچی عرفان موٹن، نائب صدر واحد عبدالقادر، ای وی پی نیشنل بینک شہزاد احمد کریمی، اے وی پی وی ایم انور فاروقی اور ایس پی ونگ ہیڈ اسپورٹس کامران خالد بھی موجود تھے۔ عالمگیر اے شیخ نے رحمت علی حسنی، کریم اکرم خان، ذوالفقار رمزی نے شہزاد احمد کریمی، عرفان موتن نے کامران خالد اور واحد اے قادر نے محمد انور فاروقی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ سلطان محمد کو ونر ٹرافی کے ساتھ دو لاکھ، شان نعمت کو رنرز ٹرافی اور ایک لاکھ، شاہد آفتاب کو سب سے بڑا بریک (141) کھیلنے پر 25 ہزار روپے انعام دیا گیا۔