بھارت نے سری لنکا کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔ راجکوٹ میں کھیلا جانے والا سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ یک طرفہ ثابت ہوا جہاں بھارت نے 91 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی سمیٹی۔بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بناڈالے۔ سوریا کمار یادیو نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنے کیریئر کی تیسری سنچری بناتے ہوئے 112 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 7 چوکے جبکہ 9 بلند و بالا چکھے لگائے۔ سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشنکا 2 وکٹیں لے کر کامیاب بولر رہے، جبکہ کاسون رجیتھا، چمیکا کرونارتنے اور ہسارانگا ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ لی۔ پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 17ویں اوور میں 137 رنز پر آل آئوٹ ہوگئی۔
مہمان ٹیم کی جانب سے کپتان داسن شناکا اور کوشل مینڈس 23، 23 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دھننجیا ڈی سلوا نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ بھارت کے ارشدیپ سنگھ نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ عمران ملک، یوزویندر چاہل اور ہاردک پانڈیا نے 2، 2 جبکہ اکسر پٹیل کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ شاندار سنچری پرفارمنس پر سوریا کمار یادیو کو میچ جبکہ آل رائونڈ پرفارمنس پر اکسر پٹیل کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے دو میچز انتہائی دلچسپ رہے جہاں پہلے مقابلے میں بھارت جبکہ دوسرے میں سری لنکا نے کامیابی سمیٹی تھی۔