اسلام آباد ( نواز گوھر ) جرمنی کے شہربرلن میں رواں سال 17 تا 25 جون تک کھیلے جانے والے اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمزکی تیاریوں کے سلسلے میں اسپیشل اولمپک پاکستان کے تحت کھلاڑیوں کاتربیتی کیمپ کراچی پورٹ ٹرسٹ اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری ہے
کیمپ میں کوالیفائڈ کوچز کھلاڑیوں کوفٹسال، ٹینس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال،ٹیبل ٹینس اور بوشی (bocce) کے کھیل کی ٹریننگ دے رہے ہیں اس کے علاوہ عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں ہاکی جبکہ سی ویو خیابان ساحل پر سائیکلنگ کی ٹریننگ جاری ہے
اسپیشل اولمپک پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی نے پی او اے کے میڈیا ایڈوائیزر آصف عظیم اور مینیجراسپورٹس کے پی ٹی میجر (ر) محمدریاض کے ہمراہ تربیتی کیمپ کادورہ کیا
اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کاجائزہ لیااس موقع پر رونق لاکھانی کاکہنا تھا کہ اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں پاکستان کا 121 رکنی دستہ شرکت کرے گا جس میں 51 مرد، 36 خواتین، 30کوچز،3 آفیشلز اور ایک ڈاکٹر شامل ہے پاکستانی ٹیم ایتھلیٹکس،بیڈمنٹن، باسکٹ بال،بوشی، سائیکلنگ، پاورلفٹنگ، سوئمنگ، ٹیبل تینس، ٹینس، فٹسال اور ہاکی سمیت 11 کھیلوں میں حصّہ لے رہا ہے
رونق لاکھانی کاکہنا تھا کہ پاور لفٹنگ، ایتھلیٹکس اور سوئمنگ کے ٹریننگ کیمپس اگلے ماہ لاہورمیں لگائے جائیں گے ہم چیئرمین کے پی ٹی سےّدمحمدطارق ہدا کے شکرگذارہیں جنہوں نے ورلڈگیمز ایونٹ کی تیاریوں کیلئے اپنا بھرپورتعاون فراہم کرتے ہوئے نہ صرف ٹریننگ سیشنز کیلئے کے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس میں موجود تمام سہولیات فراہم کیں بلکہ اسپیشل کھلاڑیوں کے مختلف ایونٹس کابھی انعقاد کیا
رونق لاکھانی کامزید کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے اسپیشل بچوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اورجس طرح ماضی میں ان کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سربلند کیا ہے وہ لائق تحسین ہے مینیجر اسپورٹس کے پی ٹی میجر (ر) محمودریاض کاکہنا تھا کہ ہمارا ادارہ اسپیشل اولمپک پاکستان کے ساتھ عرصہ دراز سے منسلک ہے ہم خدمت کے اس سفر کو مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے