کومیلا وکٹورینز نے سلہٹ سٹرائیکرز کو شکست دے کر مسلسل دوسری بار بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کا ٹائٹل جیت لیا، فاتح ٹیم نے مجموعی طور پر چوتھی بار بنگلا دیشی لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔میرپور میں کھیلے گئے بی پی ایل 2023 کے فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سلہٹ سٹرائیکرز نے 7 و کٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے، وکٹ کیپر بیٹر مشفق الرحیم نے 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگ کھیلی، اوپنر نجم الحُسین نے 64 رنزبنائے جبکہ مستفیض رحمان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں کومیلا وکٹورینز نے 176 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 4 گیندیں قبل حاصل کر کے میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی، جانسن چارلس نے ناقابل شکست 79 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا جبکہ اوپنر لٹن داس نے 55 رنز سکور کیے۔فاتح ٹیم کے بیٹر جانسن چارلس پلیئر آف دی میچ جبکہ سٹرائیکرز کے کھلاڑی نجم الحُسین پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔