پہلا ون ڈے : پاکستان شاہینز کو زمبابوے اے کے خلاف 24 رنز سے شکست، چتارا کی پانچ وکٹیں

پہلا ون ڈے : پاکستان شاہینز کو زمبابوے اے کے خلاف 24 رنز سے شکست، چتارا کی پانچ وکٹیں

ہرارے، 17 مئی 2023:

پاکستان شاہینز کو زمبابوے اے کے خلاف پہلے ون ڈے میں 24 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ زمبابوے اے کی ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں اور یہ سیریز ان کے لیے ورلڈ کپ کوالیفائر کی تیاری کا حصہ ہے۔

ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں پاکستان شاہینز کے کپتان عمران بٹ نے ٹاس جیت کر زمبابوے اے کو پہلے بیٹنگ دی جو 45اعشاریہ 3 اوورز میں234 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جواب میں پاکستان شاہینز 47 اوورز میں 210 رنز بناسکی۔

زمبابوے اے کی اننگز کے پہلے ہی اوور میں میرحمزہ نے مارومانی کو آؤٹ کردیا دوسری جانب سے شاہنواز دھانی نے اینوسینٹ کایا کی وکٹ حاصل کی تو زمبابوے کا اسکور 2 وکٹوں پر 17رنز تھا۔

فاسٹ بولر عامر جمال نے فاسٹ بولنگ کا زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 9 گیندوں پر تین وکٹیں حاصل کرڈالیں۔انہوں نے پہلے کریگ ارون کو 10رنز پر بولڈ کیا۔ اگلے اوور میں انہوں نے ویزلے مدھیویئرکو 14 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا اور پھراگلے ہی اوور میں شان ولیمز کو 20 رنز پر بولڈ کردیا جنہوں نے شاہنواز دھانی کے ایک ہی اوور میں ایک چھکا اور تین چوکے لگاکرخطرے کا اشارہ دے دیا تھا۔

64 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد وکٹ کیپر کلائیو مداندے اور رائن برل نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 90 رنز کا اضافہ کیا۔یہ شراکت مہران ممتاز نےمداندے کو34 رنز پر آؤٹ کرکے ختم کی۔

رائن برل نے چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 69 رنز اسکور کیے ۔ کپتان ویلنگٹن مازاکادزا 25رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان شاہینز کی طرف سے عامر جمال نے 35 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جو ایک روزہ کرکٹ میں ان کی بہترین بولنگ ہے۔

میرحمزہ نے تین کھلاڑیوں کو 37رنز دے کر آؤٹ کیا۔ شاہنواز دھانی کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔

 

پاکستان شاہینز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 29رنز پر اس کی 3 وکٹیں گرگئی تھیں۔ کپتان عمران بٹ 6۔صائم ایوب 8۔ اور محمد حریرہ 3 رنز بناسکے۔تینوں وکٹیں ٹینڈائی چتارا نے حاصل کیں۔
کامران غلام اور حسین طلعت کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 48 رنز بنے لیکن کامران غلام کے 42 اور حسین طلعت کے 29 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد میچ پر میزبان ٹیم کی گرفت مضبوط ہوچکی تھی اس موقع پر حسیب اللہ اور مبصر خان نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 60 رنز کا اضافہ کیا تاہم حسیب اللہ 45 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد ایک امید مبصر خان سے بھی قائم ہوئی جنہوں نے پانچ چوکوں کی مدد سے 49رنز اسکور کیے لیکن وہ جب آؤٹ ہوئے تو پاکستان شاہینز کو رنز جیت کے لیے 29 درکار تھے لیکن اس کی صرف دو وکٹیں باقی رہ گئی تھیں۔
میزبان ٹیم کی طرف سے ٹینڈائی چتارا سب سے کامیاب بولر رہے انہوں نے 37 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ ویلنگٹن مازا کادزا نے 32 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے جمعہ کے روز کھیلا جائے گا۔

 

مختصر اسکور۔
زمبابوے اے 234 رنز ( 45 اعشاریہ3 اوورز ) رائن برل69 ۔عامر جمال 35/4 وکٹ۔ میرحمزہ 37/3 وکٹ۔

پاکستان شاہینز 210رنز۔ ( 47اوورز ) مبصر خان 49 ۔حسیب اللہ خان 45 ۔ کامران غلام 42 ۔چتارا 37/5 وکٹ۔

 

error: Content is protected !!