وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ہاکی پراونشل لیگ کی اختتامی تقریب
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لڑکوں اور لڑکیوں کے ہاکی پراونشل لیگ کی اختتامی تقریب اسلامیہ کالج کے آسٹروٹرف ہاکی گراوؑنڈ میں منعقد کی گئی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم کے مشیر عطااللہ تارڑتھے جبکہ اعزازی مہمان سابق ممبر صوبائی اسمبلی اختیار ولی تھے۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ہونے والی پراونشل لیگ سے پہلے خیبرپختونخواہ کے پانچ اضلاع میں ہاکی کے ٹرائلز منعقد کیے گئے۔ لڑکوں کی پراونشل لیگ میں پشاور پہلے، بنوں دوسرے اور سوات کی ٹیم تیسے نمبر پر رہی۔ اسی طرح لڑکیوں کی پراونشل لیگ میں مردان کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ پشاور اور ہزارہ کی ٹیموں نے بتدریج دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اس موقع پر نوجوان کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ اس وقت ۲۸ مئی اور ۹ مئی کا مقابلہ ہے، ہر محب وطن کے لیے ۲۸ مئی کی بہت تعظیم ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کا آغاز ۲۰۱۳ میں سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا تھا، جو بہت جلد ملک میں واپس آئیں گے۔
انھوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کا نصب العین نوجوانوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ہے جس طرح ماضی میں ہماری حکومت نے نوجوانوں میں لیپ ٹاپس کی تقسیم کی، اسی طرح اس دورحکومت میں بھی لیپ ٹاپس کی فراہمی کو یقینی بنایاجا رہا ہے۔
اختیار ولی نے کہا کہ وزیر اعظم کی مشیربرائے امورنوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے نوجوانوں کے لیے مثبت پروگرام کا آغاز کیا۔ انھوں نے کہا کہ مایوسی گناہ ہے، ہمیں ہمت سے مشکلات کا مقابلہ کرنا ہے۔ جس طرح پاکستان کے مرد مجاہد، سابق وزیراعظم میان نواز شریف نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دے کر کیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ہاکی کے میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گا۔
ہاکی کی پراونشل لیگ کی اختتامی لیگ میں پشاوریونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد ادریس اور بینظیر بھٹو یونیورسٹی پشاور کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد بھی موجود تھے۔