پاکستان شاہینز نے دورۂ آسٹریلیا کے آخری ون ڈے میچ میں این ٹی اسٹرائیک کو 84 رنز سے شکست دے دی۔

 

ون ڈے میچ : پاکستان شاہینز نے این ٹی اسٹرائیک کو 84 رنز سے ہرادیا ۔

فیصل اکرم نے صرف 37 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کرڈالیں۔

 

 

پاکستان شاہینز نے دورۂ آسٹریلیا کے آخری ون ڈے میچ میں این ٹی اسٹرائیک کو 84 رنز سے شکست دے دی۔

اس جیت میں 19 سالہ لیفٹ آرم اسپنر فیصل اکرم کی37 رنز کے عوض 5 وکٹوں کی شاندار کارکردگی نے کلیدی کردار ادا کیا۔

 

اس دورے میں پاکستان شاہینز نے چھ ٹیموں کے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا بھی فائنل کھیلا جس میں اسے این ٹی اسٹرائیک نے 46 رنز سے شکست دی تھی لیکن اس ون ڈے میچ میں اس نے شاندار بولنگ کے نتیجے میں حریف ٹیم کو آؤٹ کلاس کردیا ۔

بدھ کے روز کھیلے گئے ون ڈے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 47.3 اوورز میں 232 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

 

علی اسفند 42 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔

جواب میں این ٹی اسٹرائیک کی ٹیم 40 ویں اوور میں 148 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان شاہینز کے اوپنرز باسط علی اور اذان اویس نے ٹیم کو 53 رنز کا اچھا اسٹارٹ دیا ۔اذان اویس 36 اور باسط علی 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کوئی بھی بیٹر بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔

وہاج ریاض24 شامل حسین 7 اور کپتان روحیل نذیر2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان شاہینز کی سات وکٹیں 160 رنز پر گرچکی تھیں اس موقع پر علی اسفند اور احمد خان نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 44 رنز کا اضافہ کیا۔

احمد خان 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل تھے۔

علی اسفند 42 گیندوں پر 42 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ان کی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے۔

 

 

این ٹی اسٹرائیک کی طرف سے چارلی اسمتھ نے 31رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹام مینزیز اور جیک ووڈ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

این ٹی اسٹرائیک کے دونوں اوپنرز صرف سات رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد جیسن سانگھا اور کوبی ایڈمن سٹون نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 79 رنز کا اضافہ کردیا۔

 

سانگھا 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کوبی ایڈمن سٹون نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 65 رنز اسکور کیے لیکن دوسری جانب فیصل اکرم نے صرف 28 گیندوں پر 5 وکٹیں حاصل کرڈالیں جن میں ٹاپ اسکورر کوبی ایڈمن اسٹون کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی فائنل میں سنچری بنانے والے جیک ووڈ کی وکٹ بھی شامل تھی۔ان کی یہ شاندار کارکردگی پاکستان شاہینز کو میچ جیتنے کی پوزیشن میں لے آئی ۔
کپتان روحیل نذیر نے وکٹ کیپنگ میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے تین اسٹمپڈ اور ایک کیچ کیا۔

 

 

مختصر اسکور۔

پاکستان شاہینز 232 رنز ( 47.3 اوورز )۔ علی اسفند ناٹ آؤٹ ۔احمد خان 39 چارلی اسمتھ 31 / 4 وکٹ۔
این ٹی اسٹرائیک۔148 رنز ۔ ( 39.3 اوورز ) کوبی ایڈمن اسٹون 65 ۔ فیصل اکرم 37 / 5 وکٹ۔

 

 

 

تعارف: News Editor