کشتی رانی کے مقابلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ کشتی رانی کے مقابلوں کے کامیاب انعقاد پر کیپٹن (ر) ثاقب ظفر کو مبارکباد دیتا ہوں،
کشتی رانی کے کھیل کا جو بیج بویا گیا ہے وہ تن آور درخت بنے گا، کشتی رانی کے کھیل کو پورے جنوبی پنجاب میں فروغ دیا جائے گا۔
محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب ایونٹ کے انعقاد کے لئے پلان تیار کریں، جنوبی پنجاب میں کشتی رانی کے کھیل کے فروغ کے لئے بوٹ کلب بنائے جائیں گے،
جنوبی پنجاب کی یونیورسٹیز اور سرکاری ادارے بوٹنگ کلبز قائم کریں، بوٹنگ کلبز کو دفاتر اور سٹور بنانے کے لئے زمین لیز پر دی جائے گی۔
گورنر پنجاب نے کشتی رانی کے لئے ایک اور کینال ٹریک تلاش کرنے کی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا کہ موٹر بوٹ اور بائیکر ریس کے مقابلے بھی منعقد کرائے جائیں،
بہاولپور سے تعلق رکھنے والے ایک بائیکر ریس کے مقابلے میں شرکت کے لئے امریکہ جا رہے ہیں، ہمیں سپورٹس کے ایسے سپوتوں پر فخر ہے۔
محمد بلیغ الرحمان نے کشتی رانی کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنیوالے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔