قائداعظم ٹرافی فائنل: صائم ایوب کی ڈبل سنچری اور سنچری
فیصل آباد پہلی اننگز میں 124 رنز پر آؤٹ، کراچی وائٹس کی 657 رنز کی برتری
نوجوان صائم ایوب نے قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے کے بعد دوسری اننگز میں بھی سنچری بناڈالی۔
فائنل میں کراچی وائٹس نے فیصل آباد کے خلاف اپنی پوزیشن بہت مستحکم کرلی ہے۔
میچ کے تیسرے دن اس نے فیصل آباد کو پہلی اننگز میں صرف 124 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 238 رنز بنالیے تھے اس طرح اس کی مجموعی برتری 657 رنز کی ہوگئی ہے۔
فیصل آباد کی ٹیم نے 76 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز شروع کی لیکن وہ اسکور میں صرف48 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوسکی۔
عرفان خان32 اور علی وقاص27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کراچی وائٹس کی طرف سے میرحمزہ اور شاہنواز دھانی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ میرحمزہ نے 44 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔شاہنواز دھانی نے 50رنز دے کر4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جو فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی بہترین انفرادی بولنگ ہے۔
کراچی وائٹس نے پہلی اننگز کی 419 رنز کی سبقت کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو اسے پہلی ہی گیند پر خرم منظور کا نقصان اٹھانا پڑا ۔ عمیر بن یوسف بھی کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے لیکن صائم ایوب ایک بار پھر زبردست فارم میں نظر آئے۔ پہلی اننگز میں 203 رنز اسکور کرنے کے بعد انہوں نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 109 رنز بنائے جس میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
صائم ایوب اور اسد شفیق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 121 رنز کا اضافہ کیا۔اسد شفیق نے سات چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے ہیں اور وہ ابھی ناٹ آؤٹ ہیں۔
شان مسعود آٹھ چوکوں کی مدد سے 51رنز بناکر آؤٹ ہوئے انہوں نے پہلی اننگز میں 180رنز اسکور کیے تھے۔