کراچی ریجن وائٹس نے قائداعظم ٹرافی جیت لی
فائنل میں فیصل آباد ریجن کو 456 رنز سے شکست
لاہور 27 اکتوبر، 2023:ء
کراچی ریجن وائٹس نے سرفراز احمد کی قیادت میں قائداعظم ٹرافی 24-2023 جیت لی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے فائنل میں اس نے فیصل آباد ریجن کو 456 رنز سے شکست دیدی۔
کراچی ریجن وائٹس نے فیصل آباد ریجن کو 790 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن فیصل آباد کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 333 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
میچ کے پانچویں اور آخری دن فیصل آباد نے اپنی دوسری اننگز 129 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو اسے جیتنے کے لیے مزید 661 رنز درکار تھے۔ کپتان فہیم اشرف اور علی اسفند اسکور میں 84 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے۔ علی اسفند 15 اور خرم شہزاد 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
دوسری جانب فہیم اشرف کی مزاحمت جاری رہی ۔انہوں نے ارشد اقبال کے ساتھ نویں وکٹ کی شراکت میں 57 رنز کا اضافہ کیا۔ ارشد اقبال دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
فہیم اشرف اور محمد علی کے درمیان آخری وکٹ کی شراکت میں 51 رنز بنے جس میں محمد علی کا حصہ چار چوکوں کی مدد سے 24 رنز ناٹ آؤٹ رہا۔
فہیم اشرف نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 23 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 147 رنز اسکور کیے جو فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی چوتھی سنچری اور بہترین انفرادی اسکور بھی ہے۔
کراچی وائٹس کی جانب سے غلام مدثر تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔
یاد رہے کہ فیصل آباد نے قائداعظم ٹرافی کے لیگ میچوں میں سب سے زیادہ108 پوائنٹس حاصل کیے تھے جبکہ کراچی وائٹس کی ٹیم 100 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی تھی اور ان دونوں ٹیموں نے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
کراچی وائٹس کے صائم ایوب فائنل کے بہترین کرکٹر قرار پائے۔انہوں نے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری ( 203) اور دوسری اننگز میں سنچری ( 109 ) اسکور کی۔
کراچی وائٹس کے کپتان سرفراز احمد پلیئر آف دی ٹورنامنٹ رہے انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر697 رنز اسکور کیے اور وکٹوں کے پیچھے 1 اسٹمپڈ اور 27 کیچز کیے۔
پشاور کے صاحبزادہ فرحان کو ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹر قرار دیا گیا انہوں نے تین سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 847 رنز اسکور کیے۔
فیصل آباد کے خرم شہزاد ٹورنامنٹ کے بہترین بولر رہے جنہوں نے36 وکٹیں حاصل کیں۔
فیصل آباد ہی کے علی شان ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر رہے جنہوں نے 1 اسٹمپڈ اور 28 کیچز کیے۔
مختصر اسکور:
کراچی وائٹس پہلی اننگز 543 رنز – صائم ایوب 203، شان مسعود 180۔محمد علی63 / 3 وکٹ
فیصل آباد پہلی اننگز 124 رنز ۔ عرفان خان 32، میرحمزہ 44 / 5 وکٹ، شاہنواز دھانی 50/ 4 وکٹ۔
کراچی وائٹس دوسری اننگز 370 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ ڈکلیئرڈ۔ اسد شفیق 113، صائم ایوب 109، سرفراز احمد 73، شان مسعود 51۔
فیصل آباد دوسری اننگز 333 رنز ۔ فہیم اشرف 147، غلام مدثر62 / 3 وکٹ۔